سعودی عرب میں پاکستانیوں کی گرفتاریاں،کتنے لوگ پکڑے گئے اور کیوں؟ وزارت خارجہ نے اصل حقائق بتا دیئے

سعودی عرب میں پاکستانیوں کی گرفتاریاں،کتنے لوگ پکڑے گئے اور کیوں؟ وزارت ...
سعودی عرب میں پاکستانیوں کی گرفتاریاں،کتنے لوگ پکڑے گئے اور کیوں؟ وزارت خارجہ نے اصل حقائق بتا دیئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)دفتر خارجہ نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کی گرفتاریوں اور ڈی پورٹ کئے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت سعودی عرب میں نہ تو پاکستانیوں کو پکڑا جا رہا ہے نہ ہی انہیں واپس پاکستان بھجوایا جارہاہے بلکہ قومیت سے ہٹ کر ان لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو وہاں غیر قانونی طور پر مقیم تھے، ان افراد میں چار سو پاکستانی بھی شامل ہیں۔

دی نیوز کے مطابق وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں پر کان نہ دھریں اور پرسکون رہیں۔اس حوالے سے وزارت خارجہ جدہ میں قونصلیٹ جنرل سے مسلسل رابطے میں ہے جس نے بتایا ہے کہ معمول کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افراد کیخلاف کارروائی ہوئی ہے تاہم وہ صرف پاکستانیوں کیخلاف نہیں بلکہ تمام ممالک سے غیرقانونی طور پر آنے والوں کیخلاف تھی۔
یہ کارروائیاں سعودی عرب میں سال بھرچلتی رہتی ہیں۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مذموم مہم کا مقصد پاکستانیوں میں بے چینی اور اضطراب پیدا کرنا ہے۔پاک سعودی برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے ضروری ہے کہ ایسی افواہوں پر دھیان نہ دیا جائے۔
بیان کے مطابق بظاہر یہ محسوس ہورہا ہے کہ گزشتہ ہفتے اس خبر کو سیاق و سباق سے ہٹ کرپیش کیاگیااور یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ کارروائی ان کیخلاف کی جا رہی ہے جن کے پاس اقامہ یا باقاعدہ ورک ویزا نہیں ہے۔بیان کے مطابق گزشتہ تین روزمیں غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں مقیم 400پاکستانیوں کو پکڑاگیاہے۔
بیان کے مطابق اس معاملے پر سعودی عرب سے مسلسل رابطے میں ہیں اور پاکستانیوں کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔