شیخ محمد بن راشد المکتوم پاکستانی سکول دبئی میں کالج کیریئر فیئر 2020ءکا انعقاد

شیخ محمد بن راشد المکتوم پاکستانی سکول دبئی میں کالج کیریئر فیئر 2020ءکا ...
شیخ محمد بن راشد المکتوم پاکستانی سکول دبئی میں کالج کیریئر فیئر 2020ءکا انعقاد

  



دبئی ( طاہر منیر طاہر) پاکستانی طلبا و طالبات کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں حصول تعلیم اور داخلہ لینے کے سلسلہ میں معلومات فراہم کرنے کے لئے شیخ محمد بن راشد المکتوم پاکستانی سکول دبئی میں کیریئر فیئر 2020ءکا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل احمد امجد علی اور سکول کی پرنسپل عائشہ نسیم نے فیتہ کاٹ کر کیا۔

کالج کیریئر فیئر میں 20 سے زائد بین الاقوامی یونیورسٹیوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر طلبا و طالبات، ان کے والدین، سکول کا سٹاف اور پاکستانی کمیونٹی دبئی کے دیگر لوگ بھی موجود تھے۔ مختلف یونیورسٹیز کی طرف سے لگائے گئے سٹالز سے طالب علموں نے مزید تعلیم کے حصول کے لئے معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر قونصل جنرل احمد امجد علی نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں تعلیم کا اہم رول ہے کیونکہ تعلیم ہی ایک ایسی چیز ہے جو زندگی کے ہر شعبہ میں کامیابی کی علامت ہے۔ پاکستانی طالب علم بے حد ذہین ہیں جبکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ سکول ہذا میں کالج کیریئر فیئر کا انعقاد خوش آئند ہے اس سے اعلیٰ تعلیم کے خواہش مند بچوں کو مفید معلومات ملیں گی جس سے وہ مزید تعلیم کے لئے بہترین یونیورسٹیز کا چناﺅ کرسکتے ہیں۔

قونصل جنرل احمد امجد علی نے سکول کی پرنسپل عائشہ نسیم، محمد آصف، محمد الیاس خان اور دیگر سٹاف کے ساتھ تمام سٹالز کا دورہ کیا اور تعلیمی معلومات حاصل کیں۔ اس کیریئر فیئر کے انعقاد پر بچوں اور بچوں کے والدین نے بے حد خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے پروگراموں کا انعقاد مستقبل میں بھی ہوتے رہنا چاہیے تاکہ بچوں کو مزید تعلیم کے حصول کے لئے گرانقدر معلومات ملتی رہیں اور وہ اپنے تعلیمی معیار کو بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے ذریعے بڑھا سکیں۔

مزید : عرب دنیا /تارکین پاکستان