’اگرچہ ہمارا رشتہ خراب ہوچکا ہے لیکن میں اب بھی سلمان خان کا احسان مند ہوں کیونکہ ۔۔۔‘ دبنگ خان کے بھائی کی طلاق کرانے والے ارجن کپور کے والد کا بیان سامنے آگیا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ پروڈیوسر بونی کپور کا کہنا ہے کہ ان کے سلمان خان کے ساتھ رشتوں میں دراڑ آچکی ہے لیکن اس کے باوجود وہ ان کے قرض دار ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو کے دوران بونی کپور نے اپنے بچوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ان کے سب سے قریب ہے اور وہ سب سے زیادہ اسی سے پیار کرتے ہیں کیونکہ وہ سب سے چھوٹی ہے۔
بونی کپور نے کہا کہ ان کی بڑی بیٹی انوشلا کپور پڑھائی میں شروع سے ہی تیز تھی، اس نے کولمبیا یونیورسٹی سے گریجوایشن کی، وہ امریکہ میں گوگل میں کام کرتی رہی ہے لیکن میرے کہنے پر اس نے ممبئی میں اپنی پوسٹنگ کرائی ہے۔
اداکارہ جہانوی کپور کے بارے میں بونی کپور کا کہناتھا کہ لوگوںنے جہانوی سے غلط توقعات وابستہ کیں، وہ اپنی ڈیبیو فلم میں اپنی والدہ سری دیوی جیسی اداکاری کیسے دکھا سکتی تھی؟ فلم کے دوران اس نے بہت سے اتار چڑھاﺅ دیکھے ، دھڑک کی شوٹنگ کے دوران اس کی ماں کا انتقال ہوا لیکن پھر بھی اس نے بہادری کے ساتھ فلم کو مکمل کیا جس کی پروڈیوسرز نے بھی تعریف کی۔
اپنے بڑے بیٹے ارجن کپور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بونی کپور کا کہنا تھا کہ ان کے صاحبزادے کا اداکار بننے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اسی لیے میں نے اپنی کسی فلم میں اسے لانچ نہیں کیا۔ یہ سلمان خان تھے جنہوں نے مجھے ایک بار فون کرکے کہا کہ ارجن کپور کو ہیرو بننا چاہیے، اس کے بعد انہوں نے ہی اس کی گرومنگ بھی کی جس پر میں ان کا قرض دار ہوں۔ بونی کپور نے کہا کہ ان کے سلمان خان کے ساتھ رشتوں میں دراڑ آچکی ہے لیکن وہ پھر بھی ان کے قرض دار ہیں۔
خیال رہے کہ سلمان خان نے اداکار ارجن کپور کو گروم کیا اور ہیرو کے طور پر تیار کیا لیکن ارجن کپور نے سلمان کی بھابھی ملائیکہ اروڑا کے ساتھ افیئر چلایا اور ان کے بھائی ارباز خان کی طلاق کرادی۔ ارجن کپور اور ملائیکہ اروڑا عوامی طور پر بھی اپنے رشتے کو قبول کرچکے ہیں اور جلد ہی شادی بھی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ارجن کپور کی اسی حرکت کی وجہ سے سلمان خان ان سے کافی ناراض ہیں اور کپور فیملی سے بھی کنی کتراتے ہوئے نظر آتے ہیں۔