سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ دوستی اور رشتہ داری کی بنیاد پر تقسیم: سراج الحق
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سینیٹ الیکشن کے لیے ٹکٹ دوستی اور رشتہ داری کی بنیاد پر تقسیم ہوتے ہیں اور میرٹ کی دھجیاں اڑا ئی جاتی ہیں۔ سیاست اور جمہوریت کے نام پر قوم سے مسلسل دھوکہ ہورہاہے۔ باپ کے بعدبیٹا اور بیٹے کے بعد پوتا یا نواسہ پارٹی کی کمان سنبھال لیتاہے۔ ملک پر ایسی قیادت مسلط ہے جو واشنگٹن سے ہدایات لیتی ہے۔ یہ لوگ اگر جاپان چلے جائیں تو اس کی ترقی کابھی حشر نشر کر کے ملک کو نقشہ سے ہی مٹادیں۔ نئے کی بجائے پرانا پاکستان بھی ویران ہوگیا۔ ڈھائی سالوں میں عوام کو تبدیلی کا مطلب بھوک افلاس اور ننگ سمجھ آیاہے۔یہی صورتحال رہی تو مافیا سونے کے نوالے اور غریبوں کو درختوں کے پتے کھانے پڑیں گے۔ حکمران سیاسی پارٹیاں کراچی کی تباہی کی ذمہ دار ہیں۔ پی ٹی آئی ناکامی سے دوچار، اقتدار میں آ کر کرپشن میں اضافہ کیا اور بیڈ گورننس کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔پی پی، نون لیگ اور پی ٹی آئی لوگوں کو بے وقوف بنانے کی پالیسی ترک کردیں۔ عوام اسلامی انقلاب چاہتے ہیں۔ علماء و مشائخ کردار ادا کریں۔ پسے ہوئے طبقات اشرافیہ کے خلاف متحد ہوں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سندھ کی مشہور خانقاہ مجددیہ سرہندیہ مٹیاری کے دورہ کے موقع پر سجادہ نشین آغا غلام مجدد سرہندی سے گفتگو اور بعد ازاں سندھ آبادگار بورڈ کے نائب صدر سید ندیم شاہ جاموٹ کی جانب سے دیے گئے عشائیہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ندیم شاہ نے اس موقع پر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے انہیں پارٹی پرچم اور منشور بھی پیش کیااور انہیں مرکزی سیاسی کونسل کا رکن بھی مقرر کر دیا۔نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو، امیر جماعت سندھ محمد حسین محنتی، نائب امیر عبدالمجید نظامانی اور علماء و مشائخ رابطہ کونسیل سندھ کے صدر نصر اللہ عزیز چنابھی اس موقع پر موجود تھے۔
سراج الحق