نیشنل بینک نے ”پے پاک ڈیبٹ کارڈ متعارف کرادیا
کراچی (اکنامک رپورٹر) نیشنل بینک آف پاکستان نے این بی پی پے پاک ڈیبٹ کارڈز اور”خرچ کرو اور جیتو مہم“ کی لانچنگ تقریب کا اہتمام ڈیکاگن پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ (گولوٹ لو) کے تعاون سے کیا۔ نیشنل بینک کے پے پیک ڈیبٹ کارڈ کے حامل صارفین اب ”گولوٹ لو“ کے 18ہزارمرچنٹس میں سے کسی پر بھی اپنے کارڈکا استعمال کرسکیں گے اور قابل قدر رعایت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کاروں، موٹرسائیکلوں، سونے کے سکوں اور سمارٹ فونز سمیت شاندار انعامات قرعہ اندازی کے ذریعے جیت سکیں گے۔لانچنگ تقریب میں صدر و سی ای او نیشنل بینک عار ف عثمانی،ایس ای وی پی فیصل احمد،سہیل جواد،سی ای او ون لنک نجیب اگروالا،چیئرمین ڈیکاگون ماجد بشیر اور سی ای او فہد محمود اور دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر نیشنل بینک عارف عثمانی نے کہا کہ این بی پی نے جدید ترین ڈیجیٹل مصنوعات کی فراہمی اور پے پاک ای ایم وی ڈیبٹ کارڈز کے اجراء سے صارفین کو گھریلو ادائیگی اسکیم فراہم کرنے میں بڑی پیشرفت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک کے پے پاک کارڈ سے 18 ہزار مرچنٹس سے خریداری پر رعایت مل سکے گی۔صارفین کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل سہولت پہلا قدم ہے۔نیشنل بینک صارفین کے ڈیجیٹل لین دین کے تجربہ کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کرے گا۔عارف عثمانی نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نیشنل بینک نے 70 ارب روپے کے قرضے جاری کیے۔کرونا کی وباء کے دوران اسٹیٹ بینک نے فعال کردار ادا کیا۔ہاؤسنگ قرضوں کی راہ میں مکانات کی ملکیت کی دستاویزات اہم مسئلہ ہے۔نوجوانوں کے لیے قرضوں کی اسکیم کو پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے۔چیئرمین ڈیکا گون ماجد بشیر نے کہا کہ ”گولوٹ لو“ متفقہ ایکو سسٹم کا خواہاں ہے، اور نیشنل بینک کے ساتھ اشتراک اس حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔