نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں ہو گی: شیخ رشید، مریم نواز نے لندن جانے کیلئے بیک ڈور رابطے کئے، وزیراعظم نے انکار کر دیا، فواد چوہدری، حکومت کسی صورت اجازت نہیں دیگی: شبلی فراز

    نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں ہو گی: شیخ رشید، مریم نواز نے لندن جانے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


    اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں ہوگی لیکن اگر وہ وطن واپس آنا چاہیں تو خصوصیٰ سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ 20 اگست 2018 سے نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ہے۔ جن کے نام ای سی ایل میں ہوں ان کو نا تو پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے اور نہ ہی ان کے پاسپورٹ کی تجدید ہوتی ہے۔ مریم نواز نے سرجری کی بات کی ہے، اگر وہ درخواست نہیں کرنا چاہتی تو نہ کریں اچھی بات ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو لوگ سیاست کیلئے ملک چھوڑ کرجاتے ہیں تو ووٹ کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں، وہ کیا سیاست دان ہے جو دھوکہ دے کر ملک چھوڑ جاتاہے، عدالت نے نواز شریف کو جو ایک دفعہ کی مہلت دی تھی اس کا غلط استعمال کیا گیا، ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے نواز شریف پاکستان واپس آئیں، نواز شریف کو پاکستان آنے سے نہیں روکا جارہا، ان کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہوگئی۔ نواز شریف وطن آنا چاہیں تو ان کی درخواست پر پاکستان آنے کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے، نوازشریف کو پاکستان نہیں آنا تو ان کے پاسپورٹ کی آئینی حیثیت نہیں رہے گی۔سینیٹ انتخابات سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں کوئی سرپرائز نہیں ہوگا، عمران خان کو سینیٹ الیکشن میں بھی کامیابی ملے گی، جو بکنے والا ہوتا ہے اس کا ضمیر ہی مردہ ہوتا ہے، جو ایک مرتبہ بکتا ہے وہ 10 مرتبہ بکتا ہے، آصف زرداری نے ووٹ کی خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے لیکن اس بار انہیں مایوسی ہوگی، 4 مارچ کے بعد ملک میں سیاسی سکون اور بہتری آئے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت وہ لوگ جو پہلے اسمبلیوں پر لعنت بھیجتے تھے وہ آج ان ہی سے ووٹ مانگ رہے ہیں، وہ لوگ جو سارے نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں یہ ان کی بہت بڑی شکست ہے،3 مارچ کے بعد رمضان المبارک قریب ہے، پی ڈی ایم نے اتنے فیصلے بدلے ہیں، اسی طرح لانگ مارچ کا فیصلہ بھی رمضان المبارک کے بعد کرلیں، جس طرح الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کی اجازت دی آئندہ بھی دیں گے۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز لندن جانا چاہتی ہیں، جس کیلئے حکومت سے بیک ڈور رابطے کئے گئے ہیں۔ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں فواد چودھری نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے اس درخواست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ آپ تحریک کا شوق پورا کریں لیکن اس کیلئے آپ کو پاکستان رہنا ہو گا۔جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مریم نواز نے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا، انہیں ایسی بیماریاں کیوں لاحق ہوتی ہیں جن کا پاکستان میں علاج نہیں؟۔حکومت انھیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی۔ نواز شریف علاج کرانے باہر گئے اور وہاں جا کر سیاست شروع کردی۔ نواز شریف کو پاسپورٹ کے بجائے ٹریول ڈاکومنٹ جاری کرینگے تاکہ واپس آئیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مطلوب شخص کو پاسپورٹ دے کر مدد نہیں کر سکتے۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم سہولت کار بنیں اور نواز شریف کہیں اور چلے جائیں۔ عمران خان کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہونے چاہیں۔ الیکٹورل ووٹ کے امین لوگوں کو عوام کا ووٹ غلط استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ ماضی کی حکومتوں نے سیاست میں پیسے کے کلچر کو عام کیا۔ ہمارا واضح موقف ہے کہ پیسے کی سیاست ختم کرکے میرٹ کو فروغ دیں۔ شبلی فراز نے کہا ہے کہ اوپن بیلٹ کے مخالف ملک میں اس کرپٹ نظام کا تسلسل چاہتے ہیں جس کے خلاف عمران خان نے اعلان جنگ کیا ہوا ہے۔ آج ہم پارلیمانی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑے ہیں۔ جہاں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ عوامی نمائندے اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر پارلیمان میں آئیں گے یا خرید و فروخت کے ذریعے۔ 
 شبلی فراز

مزید :

صفحہ اول -