فیصل واوڈا کا ٹکٹ برقرار، نجیہ اللہ خٹک کا واپس، گیلانی کے کاغذات چیلنج

 فیصل واوڈا کا ٹکٹ برقرار، نجیہ اللہ خٹک کا واپس، گیلانی کے کاغذات چیلنج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  لاہور،اسلام آباد(نامہ نگارمانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر اعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کا بنی گالہ میں اجلاس ہوا۔ فیصل واوڈا کا ٹکٹ برقرار رکھا گیا ہے جبکہ نجیہ اللہ خٹک سے ٹکٹ واپس لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔پارلیمانی بورڈ نے سندھ سے فیصل واوڈا سے متعلق کارکنان کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا سینیٹ ٹکٹ برقرار رکھا جائے گا۔ اس حوالے سے وزیراعظم سندھ کی تنظیم کو آج شام اعتماد میں لیں گے۔دوسری جانب نجیہ اللہ خٹک سے پارٹی ٹکٹ واپس لیکر خیبرپختونخوا سے لیاقت ترکئی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں بلوچستان میں سینیٹ ٹکٹس کے حوالے سے بھی اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ ن لیگ میں بھی سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات، پارٹی میں دو گروپ آمنے سامنے، لیگی قیادت ٹکٹوں کا فیصلہ نہ کر سکی مشاہد اللہ خان کو ٹکٹ دینے کی مخالفت  شروع ہو گئی۔  مخالف گروپ کا کہنا ہے کہ مشاہد اللہ خاں بیمار ہیں، کسی متحرک رہنما کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا جائے۔ایک دوسرے گروپ نے اعظم نذیر تارڑ کو ٹکٹ دینے کی مخالف کی۔ دوسرے گروپ نے اعتراض کیا کہ اعظم نذیر تارڑ کی پارٹی کیلئے کیا خدمات ہیں؟ اعظم نذیر تارڑ کے بجائے زاہد حامد کو ٹکٹ دیا جائے۔ مشاہداللہ خاں کے بجائے عرفان صدیقی کو میدان میں اتارے جانے کا امکان ہے۔ تحریک انصاف نے اسلام آباد سے پی ڈی ایم امیدوار یوسف رضا گیلانی کے سینٹ کاغذات نامزدگی چیلنج کر دئیے ہیں۔الیکشن کمیشن دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ہونے کا ذکر نہیں کیا اور وہ آرٹیکل 62 پر بھی پورا نہیں اترتے۔پی ٹی آئی کے فرید رحمان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی اچھی شہرت کے حامل نہیں، ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔ دوسری طرف  الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے لیے اسلام آباد کی دو نشستوں پر امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کردی۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی فہرست کے تحت حفیظ شیخ، علی بخاری، فرید رحمان اسلام آباد سے سینیٹ کی جنرل نشست کیلئے امیدوار ہیں، اس کے علاوہ یوسف رضاگیلانی، طارق فضل چوہدری اور محمد یوسف بھی اسلام آباد سے امیدوار ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد سے خاتون کی ایک نشست پر فوزیہ ارشد، منیرہ جاوید،فرح اکبر اور فرزانہ کوثر امیدوار ہیں۔دریں اثناصوبائی الیکشن کمیشن پنجاب میں سینٹ کے انتخابات کے لئے امیدواروں کی ابتدائی فہرست آویزاں کردی گئی ہے،پنجاب سے 29 امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی ہے،پنجاب کی جنرل نشستوں پر خواتین کی21 نشستوں پر 5 امیدوار میدان میں ہیں،ٹیکنوکریٹ کی نشست پر 3 امیدواروں کے نام شامل ہیں،سینیٹ کے امیدواروں میں پی ٹی آئی کے رہنمااعجاز چودھری،عمر سرفزار چیمہ،بیرسٹر علی ظفر اور اعجاز منہاس، سیف اللہ خان نیازی،زرقا تیمور،جمشید اقبال چیمہ، ڈاکٹر روبینہ اختر،، فرحت شہزادی، بیرسٹر سید علی ظفر اور محمد خان مدنی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنمازاہد حامد،ساجد میر،سائرہ افضل تارڑ،عرفان صدیقی اور بلیغ الرحمن،پرویز رشید،اعظم نزیر تاڑڑ،سعدیہ عباسی،اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی کے راجہ عظیم الحق اورمسلم لیگ (ق)کے امیدوار کامل علی آغا کا نام بھی شامل ہے
سینیٹ الیکشن

مزید :

صفحہ اول -