پنجاب میں قبضہ، کمیشن اور کرپشن مافیا یتیم ہو گیا: فردوس
لاہور (جنرل رپورٹر) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کہا کہ پنجاب میں زرعی پیداوار نہری نظام کی مرہون منت ہے لیکن سابقہ ادوار میں نہری نظام کی اپ گریڈیشن پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جبکہ ماضی میں نہری نظام نظر انداز کئے جانے سے کاشتکار کا معاشی نقصان ہوا۔ معاون خصوصی نے منگل کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کاشتکار طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے، ماضی میں پنجاب کی ترقی کا محور صرف لاہور اور جاتی امراء کو سمجھا جاتا رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار حکومت پورے پنجاب کی ترقی کر رہی ہے، ان تمام علاقوں میں جہاں آج تک کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے ہیں وہاں تک رسائی کر رہی ہے اور پسماندہ رہ جانے والے علاقوں کو آگے لانا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا وژن ہے۔ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے درمیان میں کچھ نہیں ہو سکتا، عدم اعتماد کا ایک طریقہ کار ہے، ہاتھی کے دانت کھانے اور دکھانے کے اور ہوتے ہیں، پی ڈی ایم کی صرف گیدڑ بھبکیاں ہیں اور ان کی دوکان میں بیچنے کیلئے کوئی چورن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب یتیم ہوا ہے، ہاں واقعی میں پنجاب میں قبضہ مافیا یتیم ہو گیا، کرپشن مافیا یتیم ہو گیا ہے، کمیشن مافیا یتیم ہو گیا، لوٹ مار کرنے والے ذخیرہ اندوزوں ملاوٹ کرنے والے سارے یتیم ہو گئے ہیں کیونکہ ان کی ظل سبحانی دمڑی اور دھیلے والے سرکار کیساتھ خوشحالی جوڑی ہوئی تھی اور اس لوگوں کو کوئی چور دروازہ اب میسر نہیں ہے جبکہ ان یتیموں کے آقاء جو باہر ہیں وہاں کیوں بیٹھے ہیں پاکستان آئیں، ان مافیاز کو سہارا دیں۔
فردوس