KIA سپورٹیج کی کامیابی کے بعد کِیا موٹرز نے ٹویوٹا فورچونر کو ٹکر دینے کیلئے ایک اور گاڑی’سورینٹو‘ متعارف کروانے کا اعلان کر دیا ، قیمت کتنی ہو گی ؟ جانئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آ ن لائن )مارکیٹ میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران متعدد نئی کمپنیوں کی جانب سے اپنی گاڑیاں متعارف کروائی گئی ہیں جنہوں نے مقابلہ بازی کو فروغ دیتے ہوئے صارفین کو آپشنز کی لمبی فہرست فراہم کر دی ہے جسے ڈیلرز کھلی بانہوں کے ساتھ قبول کر رہے ہیں ۔
کیا موٹرز نے کچھ عرصہ قبل ’ کیا سپورٹیج ‘ مارکیٹ میں اتاری تھی جوکہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور اس نے مارکیٹ میں دیگر ایس یو ویز کو بھاری ٹکر دی تاہم اب گزشتہ کامیابی کو دیکھتے ہوئے کیا موٹرز نے اپنی ایک اور شاہکار گاڑی ’ سورینٹو ‘ کو مارکیٹ میں اتارنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں جو کہ براہ راست ٹویوٹا کی مشہور زمانہ گاڑی ’ فور چونر ‘ کا مقابلہ کرے گی ۔جس کی قیمت 70 سے 85 لاکھ روپے کے درمیان رکھی جائے گی ۔
عارف حبیب لمیٹڈ کی جانب سے جاری کر دہ پریس ریلیز میں بتایا گیاہے کہ کمپنی ’ کیا سورینٹو ‘ کو 19 فروری کو لانچ کر نے جارہی ہے جبکہ اس کے علاوہ 2021 میں کمپنی کی جانب سے ایک اور گاڑی ” سیراٹو “ کو متعارف کروائے جانے کا بھی امکان ہے ۔پاکستان نے 2016 میں کار ساز کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے متوجہ کرنے کیلئے نئی آٹو موبائل پالیسی ترتیب دی تھی تاکہ کار مارکیٹ میں مقابلہ سازی سے شہریوں کو بہترین فیچرز کے ساتھ گاڑیاں میسر آ ئیں ۔سیون سیٹر سورینٹو کے تین مختلف ماڈلز سات رنگوں میں فروخت کیلئے پیش کیے جائیں گے جن میں 2.4 لیٹر ایف ڈبلیو ڈی ، 2.4 لیٹر اے ڈبلیو ڈی اور 3.5 لیٹر اے ڈبلیو ڈی شامل ہیں ۔
سورینٹو میں ایل ای ڈی فرنٹ اور بیک لائٹس ، آٹو بوٹ ، ہینکوک کے 18 انچ کے الائے رم ، ملٹی میڈیا سسٹم ، وائر لیس کارچارجر ، سن روف ، ریئر اے سی کے شاندار فیچرز دیئے گئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ یہ صارف پر منحصر ہو گا کہ وہ انٹریریئر کس رنگ کا چاہتاہے اور اس میں دو رنگ دستیاب ہوں گے ۔گاڑی کی قیمت سات سے ساڑھے آٹھ ملین تک ہو سکتی ہے ۔ عارف حبیب لیمیٹیڈ کی جانب سے جاری کر دہ پریس ریلیز میں بتایا گیاہے کہ کمپنی کا پلانٹ جنوری 2021 سے ڈبل شفٹ میں کام کر رہاہے ۔