خاتون نے اپنے چوتھے شوہر کو چھری سے قتل کردیا، لڑائی کس چھوٹی سی بات پر ہوئی تھی؟ جان کر یقین نہ آئے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں 65 سالہ ریٹائرڈ چارٹرڈ اکاﺅنٹنٹ خاتون نے آئی پیڈ کے چارجر پر جھگڑا ہونے پر اپنے 78سالہ سابق آرمی آفیسر شوہر کو چھریوں کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ میل آن لائن کے مطابق پینیلوپ جیکسن نامی خاتون نے یہ سنگین واردات برطانوی علاقے سمرسیٹ میں واقع اپنے 3لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 6کروڑ 71لاکھ روپے) مالیت کے گھر میں کی۔
پینیلوپ کے داماد جیرمی مولنز نے پولیس کو کال کرکے گھر بلایا۔ پولیس جب گھر پہنچی تو ڈیوڈ جیکسن کی لاش خون میں لت پت پڑی تھی۔ ڈیوڈ پینیلوپ کا چوتھا شوہر تھا۔ جیرمی نے پولیس کو بتایا کے اس کی ساس اور سسر کے درمیان جھگڑا بظاہر آئی پیڈ کے چارجر پر شروع ہوا تھا۔ دونوں پہلے اپنا آئی پیڈ چارج کرنا چاہتے تھے۔ اس بات پر ہونے والا جھگڑا بڑھتا چلا گیا اور پینیلوپ نے غصے میں آ کر کچن سے چھری اٹھائی اور ڈیوڈ پر حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق پینیلوپ نے کئی بار ڈیوڈ کے جسم میں چھری گھونپی۔ پولیس نے پینیلوپ کو گرفتار کرکے ٹاﺅنٹن مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کر دیا ہے۔