خاتون کانسٹیبل کو ہراساں کرنے کا الزام ،ایس ایچ او کو نوکری سے جبری ریٹائرڈ کردیا گیا
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق سٹیشن ہاؤس آفیسر( ایس ایچ او )تھانہ ٹیکسلا گل تاج پر لیڈی کانسٹیبل کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ،نوکری سے جبری ریٹائرڈ کردیا گیا۔
سب انسپکٹر گل تاج کے نامناسب رویے سے تنگ لیڈی پولیس اہلکار چار ہفتے قبل راولپنڈی پولیس کے سربراہ احسن یونس کی کھلی کچہری میں پیش ہوئی تھی، جس کی شکایت سننے پر انہوں نے ابتدائی تحقیقات کے بعد ایس ایچ او ٹیکسلا کو معطل کرکے پولیس لائنز رپورٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔متاثرہ لیڈی پولیس اہلکار کے الزامات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے خاتون سپرٹنڈنٹ پولیس ( ایس پی) سیکورٹی ذونیرہ اور ڈپٹی سپرٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) ہیڈ کوارٹرز پر مشتمل دو رکنی تحقیقات کمیٹی قائم کرکے محکمانہ تحقیقات کا حکم بھی دیا گیا تھا۔
تحقیقاتی ٹیم نے تحقیقات مکمل کرتے ہوئے مفصل رپورٹ احسن یونس کو پیش کی، جس میں سب انسپکٹر گل تاج پر لگے الزامات سچ ثابت ہوئے۔انکوائری رپورٹ کی روشنی میں پہلے سے معطل سب انسپکٹر گل تاج کو نوکری سے جبری ریٹائر کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سب انسپکٹر تاج گل کی مسجد میں خطبہ دینے کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں جس سے وہ کافی مقبول ہوئے تھے اور شہریوں کی جانب سے ان کو خوب سراہا گیا تھا۔