محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تنظیم نو کی منظوری دے دی

محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ ، وزیراعلیٰ ...
محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تنظیم نو کی منظوری دے دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے محکمہ تعلقات عامہ کی تنظیم نو کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کی کارکردگی اور تنظیم نو کے پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کیلئے دو  ڈی ایس این جی خریدی جائیں گی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمے کیلئے دو ڈی ایس این جی خریدنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں ڈی جی پی آر میں جدید سٹوڈیو کے قیام کی بھی منظوری دی گئی جبکہ محکمہ تعلقات عامہ کے چار ڈائریکٹوریٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف پرنٹ میڈیا، ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا، ڈائریکٹوریٹ آف ڈیجیٹل میڈیا، ڈائریکٹوریٹ ایڈمنسٹریشن، ایڈورٹائزمنٹ، پریس لاز، انفارمیشن ٹیکنالوجی و لیگل کی تنظیم نو ہو گی اور تمام ڈائریکٹوریٹ کو جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں افسروں اور عملے کو بنیادی تنخواہ کا 25 فیصد خصوصی الاؤنس دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ ملازمین کیلئے خصوصی الاؤنس کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈی جی پی آر کے ملازمین کو بینک آف پنجاب سے لیز پر گاڑیاں خریدنے کی سہولت دینے کیلئے مونیٹائزیشن پالیسی کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب سے محکمہ تعلقات عامہ کی عمارت کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کا تخمینہ لگوایا جائے۔

اجلاس میں چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام برائے ینگ میڈیا گریجوایٹس کے اجراء کی تجویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تجویز کو عملی شکل دینے کیلئے مزید مشاورت کی ہدایت کی۔ محکمہ تعلقات عامہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت میڈیا ٹاور تعمیر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کو عوام کے سامنے لانے کیلئے محکمہ تعلقات عامہ کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔محکمہ تعلقات عامہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں،جدید ٹیکنالوجی کے باعث اطلاعات کی دنیا میں انقلاب برپا ہوا ہے،محکمہ تعلقات عامہ کے افسروں اور عملے کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے آگاہی بے حد ضروری ہے،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی تیز رفتار ترقی کو مد نظر رکھ کر محکمے کو نئے خطوط پر استوار کیا جائے گا۔سیکرٹری اطلاعات نے محکمے کی کارکردگی اور تنظیم نو کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی آر، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔