افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر کا امریکی عوام کے نام کھلا خط
کابل (ڈیلی پاکستان آن لائن) افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے چیئرمین ملا عبدالغنی برادر نے امریکی عوام کے نام کھلا خط لکھ دیا۔
امارت اسلامی افغانستان (طالبان) کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے خط میں ملا عبدالغنی برادر نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دوحہ معاہدے پر عمل کرے تاکہ افغانستان میں امن کی راہ ہموار ہوسکے۔ افغانستان میں جنگ کا خاتمہ سب کی ذمہ داری اور مفاد میں ہے اور اس کے خاتمہ کے لیے دوحہ معاہدے کا مکمل نفاذ سب سے بہترین ذریعہ ہے۔
ملا عبدالغنی برادر نے مزید کہا کہ طالبان اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں دیگر فریق بھی اپنی ذمہ داریوں کو ادا کریں، امارت اسلامیہ کسی کے داخلی امور میں مداخلت کرتی ہے اور نہ ہی کسی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے ۔ ہم کسی کو بھی ہمارے ملک کے امور میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتے ، اپنی سرزمین اور ملت کا دفاع ہمارا جائز حق ہے۔
ملا عبدالغنی برادر نے اپنے خط میں امریکی عوام کو یہ یقین دہانی کرائی کہ افغانستان میں خواتین کے حقوق کو یقینی بنایا جائے گا، اس کے ساتھ ملک سے منشیات کا خاتمہ کرکے منشیات کے عادی افراد کا علاج کیا جائے گا۔