شیخوپورہ کے قریب کار اور ٹرک میں تصادم، 6 افراد جاں بحق
شیخوپورہ (ویب ڈیسک) جی ٹی روڈ پر راوی ریان کے قریب کار اور ٹرک کے درمیان تصادم میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
روزنامہ جنگ کے ذرائع کے مطابق کار سوار فیملی خانیوال سے شادی میں شرکت کرکے واپس گوجرانوالہ جارہی تھی، حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین بچوں ایک خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 خواتین شدید زخمی ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ راوی ریان کے قریب ٹرک ڈرائیور نے یوٹرن لیتے غفلت کا مظاہرہ کیا جس کے سبب حادثہ پیش آیا۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ شہباز، 35 سالہ ظہیر عباس، 35 سالہ ارم شہزادی، 10 سالہ عبدالوہاب، 8 سالہ ایان اور 6 سالہ ایمان فاطمہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں نسیم، شمیم اور خدیجہ شامل ہیں۔