مومن کی ڈکشنری میں مایوسی نام کا کوئی لفظ نہیں:ڈاکٹر حسن قادری کا ڈنمارک میں سماجی تقریب میں خطاب

مومن کی ڈکشنری میں مایوسی نام کا کوئی لفظ نہیں:ڈاکٹر حسن قادری کا ڈنمارک میں ...
مومن کی ڈکشنری میں مایوسی نام کا کوئی لفظ نہیں:ڈاکٹر حسن قادری کا ڈنمارک میں سماجی تقریب میں خطاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ڈنمارک میں مقامی مسلم کمیونٹی منہاج القرآن کے راہ نماؤں کی جانب سے منعقدہ خصوصی فکری، سماجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مومن کی ڈکشنری میں مایوسی نام کا کوئی لفظ نہیں۔نوجوان آزمائش میں ثابت قدم رہنا سیکھیں۔ حضور نبی اکرمﷺ اپنے الوہی نظریہ میں واضحیت،صدق عمل اور استقامت کے باعث سرخرو ہوئے۔ آپ ﷺنے مکی دور میں سوشل بائیکاٹ، شعب ابی طالب کی محصوری اور وادیٔ طائف جیسے اذیت ناک واقعات کا صبر و استقامت کے ساتھ سامنا کیا اور اس استقامت کی برکات سے اللہ رب العزت نے ریاست مدینہ کے قیام کی توفیق سے نوازا اور آپ ﷺایک عظیم فاتح کی حیثیت سے اسی مکہ میں داخل ہوئے جہاں آپ ﷺاور آپؐ کے اصحاب کے لیے عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا تھا۔

 ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نوجوانوں کو یہ پیغام دیا کہ حضور نبی اکرمﷺ کی سیرت طیبہ کو رول ماڈل بنائیں، مقصد حیات کی واضحیت اور استقامت اختیار کریں۔ علم و تحقیق کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں، یہی کامیابی کے راستے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نوجوانوں کو علم اور امن سے محبت کی تعلیم دیتے ہیں۔ انسانی زندگی میں مشکلات اور آزمائشیں آتی ہیں لیکن مومن کی یہ نشانی ہے کہ وہ مایوس نہیں ہوتا او راللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے جدوجہد جاری رکھتا ہے۔

 انہوں نے ڈنمارک میں منہاج القرآن کی تنظیمات و کارکنان کی طرف سے دین، علم و امن اور انسانی خدمت کے شعبہ جات میں محنت کرنے پر اُنہیں مبارکباددی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ منہاج القرآن کے ذمہ داران بیرونی دنیا میں تمام مکتب فکر اور طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی شناخت رکھتے ہیں۔

 تقریب سے منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کے ڈائریکٹر دعوت و تربیت علامہ اویس اقبال قادری، ڈنمارک کے سینئر نائب صدر حافظ سجاد احمد، جنرل سیکرٹری شاہ نوازاوپل نے اظہار خیال کیا اور منہاج القرآن کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ قرآن مجید کی تلاوت کی سعادت قاری ولایت خان، حسنین مصطفی اور حسیب یوسف نے حاصل کی جبکہ معروف ثناء خوان راجہ محمد اکبر، محمد اویس مرزا، عثمان ظہور احمد، علامہ ابرار ظفر اور معظم بٹ نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 74ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور درازیٔ عمر کی دعا کی گئی۔