بائبل میں رکھ کر ہیروئن سمگل کرنے والی خاتون کو سزا سنادی گئی

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی پولیس نے ایک ایسے منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کا انکشاف کیا ہے جو قیدیوں تک بائبل کے ذریعے ہیروئن پہنچا رہا تھا۔ اس نیٹ ورک کی سربراہ ایک خاتون تھی جسے ایک بالکل الگ جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ 46 سالہ لُکریسیا سٹون روخاس کو ریاست کیلی فورنیا میں ہیروئن سمگلنگ نیٹ ورک چلانے کے جرم میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ دسمبر 2023 میں اس کے قبضے سے دو بائبلز برآمد ہوئیں جن میں 23 گرام ہیروئن چھپائی گئی تھی۔
مرر کے مطابق یہ خاتون 27 دسمبر 2023 کو گرفتار ہوئی تاہم پولیس کے ریکارڈ میں یہ پہلی بار ایک ماہ قبل آئی تھی، جب اسے ایک بالکل مختلف کیس میں حراست میں لیا گیا تھا۔ 12 نومبر 2023 کو سٹون روخاس کو کیلی فورنیا کے شہر ال کاہون میں ایک چوری شدہ گاڑی میں پکڑا گیا۔ پولیس نے ایک لائسنس پلیٹ ریڈر کے ذریعے اس کی گاڑی کو شناخت کیا اور روکنے کے بعد اس کے پاس سے ایک نائن ایم ایم والٹر پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ اسے غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
دوسری گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب وفاقی تحقیقاتی ایجنسیوں نے اس کے قبضے سے قیدیوں کو بھیجے جانے والے متعدد پارسلز اور لفافے دریافت کیے۔ ان میں موجود بائبلز کی جلدوں کے اندرونی حصے میں ہیروئن چھپائی گئی تھی جو کیلیفورنیا کی دو مختلف جیلوں میں پہنچائی جانی تھی۔