ترک ایجنسی کے تعاون سے گارمنٹس کاماڈل تربیتی ادارہ قائم کرینگے‘عرفان قیصر شیخ

ترک ایجنسی کے تعاون سے گارمنٹس کاماڈل تربیتی ادارہ قائم کرینگے‘عرفان قیصر ...

لاہور (کامرس رپورٹر) ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا )ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی ( Tika )کے تعاون سے گارمنٹس شعبے کے لئے جلد ماڈل تربیتی ادارہ قائم کرے گی جس میں ترک ماہرین کی رہنمائی میں گارمنٹس انڈسٹری کو مطلوبہ افرادی قوت کی یقینی دستیابی کیلئے ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے کورسز شروع کئے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ترک وفد نے حال ہی میں لاہور میں مجوزہ گارمنٹس ٹریننگ سینٹر کے قیام کیلئے اپنی فنی معاونت فراہم کرنے کیلئے ٹیوٹا سیکرٹریٹ کا دورہ کیا ۔دورہ کے دوران ترک وفد نے گارمنٹس انسٹی ٹیوٹ کے قیام، مشینری وآلات کی فراہمی اور ٹرینرز کوتربیت دینے کے حوالے سے اپنی فنی حمایت کا بھرپوریقین دلایاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیوٹا نے ترک ایجنسی کے ساتھ منصوبے کو حتمی شکل دینے کیلئے وفاقی حکومت سے منظور ی کیلئے تجویز تیار کر لی ہے تاکہ گارمنٹس انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے عملی اقدامات کا آغاز ہو۔انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ ترکی کی مرمرا یونیورسٹی کے ماہرین نے بھی گارمنٹس مینوفیکچرنگ یونٹس کا دورہ کر لیا ہے تاکہ گارمنٹس انڈسٹری کو افرادی قوت کی دستیابی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے کورسز شروع کئے جائیں۔ چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ گارمنٹس انڈسٹری کواس وقت تربیت یافتہ ہنر مند افرادی قوت کی فوری ضرورت ہے ۔ترک ماہرین کی گارمنٹس شعبے کو ماہرین افرادی قوت کی فراہمی کیلئے کی جانےوالی کاوشیں نہ صرف ملکی معاشی ترقی میں اپنا اہم کردار اداکرے گی بلکہ پاک ترک دوستی تعلقات میںمزید مضبوطی آئے گی۔

مزید : کامرس


loading...