داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حوالے سے روڈ شو کا انعقاد، 16 بنکوں کی شرکت

داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حوالے سے روڈ شو کا انعقاد، 16 بنکوں کی شرکت

لاہور( کامرس رپورٹر)واپڈانے مقامی بنکوں کو داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ میں موجودہ سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے آگاہ کرنے کیلئے کراچی میں روڈ شو کا اہتمام کیا۔16 مقامی بنکوں کے نمائندگان نے روڈ شو میں شرکت کی۔ واپڈا ممبر (فنانس) اور ممبر(واٹر) پر مشتمل ٹیم نے شرکاء کو داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ سرمایہ کاری کے حوالے سے انتہائی پُرکشش ہے اور اس میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔روڈ شو کے دوران سرمایہ کاری کے مختلف طریقوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ واپڈا مقامی بنکوں کی طرف سے تقریباً ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے اور اس مقصد کے لئے بنک کنسورشیم بنا کر سرمایہ کاری کے اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔شرکاء کو بتایا گیا کہ داسو ہائیڈرو پاو رپراجیکٹ کے لئے ورلڈ بنک نے 588 ملین امریکی ڈالر پر مشتمل پہلی قسط ادا کر دی ہے، جبکہ 533 ملین ڈالر کی دوسری قسط بھی مہیا کر ے گا۔اس کے علاوہ ورلڈ بنک مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ سے920ملین ڈالر فنڈز کا بندوبست کرنے کے لئے گارنٹی بھی دے گا۔مقامی بنکوں نے واپڈا کے داسو ہائیڈرو پاور منصوبہ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مالیاتی تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد اس ضمن میں فیصلہ کریں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کو ہستان میں دریائے سندھ پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔

منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4320 میگاواٹ ہے اور یہ 2160 میگاواٹ کے حامل دومختلف مراحل(stages) میں تعمیر کیا جائے گا۔ فیز1- کی تکمیل 5 سال کی مدت میں مکمل ہوگی اور اس سے ہر سال 12ارب یونٹ سستی پن بجلی قومی نظام میں شامل ہوگی۔

مزید : کامرس


loading...