حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ورلڈ کپ سے قبل کلیئر ہو جائیگا: مشتاق احمد

حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ورلڈ کپ سے قبل کلیئر ہو جائیگا: مشتاق احمد

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ قومی ٹیم بھارت کے خلاف فتح حاصل کرکے ورلڈ کپ کا فاتحانہ آغاز کرے گی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں جی ایم میڈیا آغا اکبر اور رضا راشد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ بہت اہم ہے اور اسکے جیتنے سے قومی ٹیم میں اعتماد آئے گا۔ ورلڈ کپ کے لئے دنیا کی دیگر ٹیمیں بھرپور تیاری کررہی ہیں، قومی ٹیم کی تیاریاں دیگر ٹیموں کے مقابلے میں قدرے کم ہیں لیکن قذافی سٹیڈیم لاہور میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں کے دوران ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس میں زیادہ سے زیادہ بہتری لائی جائے اور ان کو ہرشعبہ میں محنت کروائی جائے۔ مشتاق احمد نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ آسٹریلیا کی وکٹوں پر لیگ سپنر ز زیادہ کامیاب رہتے ہیں اور میں بھی قومی ٹیم کے ساتھ چار پانچ دفعہ آسٹریلیا کا دورہ کرچکا ہوں اور وہاں میری کامیابی کا تناسب زیادہ رہا ہے۔ باؤنسی وکٹوں پر لیگ سپنر کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ پاکستان کے سپنر شاہد آفریدی اور یاسر شاہ وہاں کافی کامیاب رہیں گے۔ قومی ٹیم کے لئے بدقسمتی کی بات ہے کہ سعید اجمل اور محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی دیا گیا لیکن ہماری دعا اور کوشش ہے کہ محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن کلیئر ہوجائے اور وہ میگا ایونٹ میں باؤلنگ کرواسکیں۔ ہیڈ کوچ وقار یونس قومی ٹیم میں اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے کے کلچر کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حارث سہیل سے بھی کافی امیدیں وابستہ ہیں، اس نے اپنی باؤلنگ کو کافی بہتر بنایا ہے۔ گراس روٹ سطح سے نئے سپنرز کو تلاش کرکے ان کی صلاحیتوں میں نکھار لائیں گے۔ سپن باؤلر یاسر شاہ نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں میری کوشش ہوگی کہ 100فی صد کارکردگی کامظاہرہ کرکے قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں اور کسی کھلاڑی سے مشابہت کی وجہ سے پہچانے جانے کی بجائے اپنے نام سے جانا جاؤں۔ یاسر شاہ نے کہاکہ ان پر ورلڈ کپ کا کوئی دباؤ نہیں ہے اور وہ ورلڈ کپ کے لئے بھرپور محنت کررہے ہیں۔ بھارت کے خلاف میچ انتہائی اہم ہے اور میری کوشش ہوگی کہ بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کو جلد آؤٹ کروں۔ پوری ٹیم کا ٹارگٹ ورلڈ کپ میں کامیابی ہے اور اسے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ سعید اجمل ایک لیجنڈ کھلاڑی ہے اور اس نے پاکستان ٹیم کے لئے بے شمار خدمات سر انجام دی ہیں اور میری کوشش ہوگی کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سعید اجمل کی کمی محسوس نہ ہونے دوں۔ بھارت سمیت ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے بلے بازوں کی کمزوریوں کا جائرہ لیا ہے اور اسی حساب سے باؤلنگ کرواؤں گا۔ یاسر شاہ نے کہاکہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو مد نظر رکھ کر کیمپ میں ٹریننگ کروائی جارہی ہے اور باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے وہاں کی وکٹوں کے بارے میں کافی کچھ بتایا ہے۔ سلیکٹر نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...