دہشتگردی کے خاتمے اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مسلم لیگ ق کی ریلی
لاہور(پ ر) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے زیر اہتمام دہشت گردی کے خاتمے اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے یہاں شاہراہ قائداعظم پر مسجد شہداء سے چیئرنگ کراس تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء نے مختلف بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر ’’دہشت گردی کے خلا ف جنگ، پاک فوج کے سنگ، دہشت گردی کی جنگ میں ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں، دہشت گردی مکاؤ ملک بچاؤ، دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں‘‘ کے نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت صوبائی سیکرٹری اطلاعات و سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور پوری قوم کی مشترکہ آواز ہے کہ دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے، پاکستان حالت جنگ میں ہے، ملک پر اندرونی اور بیرونی حملے ہو رہے ہیں ایسی صورت میں پوری قوم متحد ہو کر واضح حکمت عملی کے ساتھ ہی مقابلہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ملکی سلامتی اور یکجہتی کے تحفظ کی اس جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وہ آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے دور حکومت میں سکولوں کی چار دیواریوں کیلئے فنڈز مختص کیے گئے تھے موجودہ حکومت کے دور میں سکولوں کو فنڈز دینا تو درکنار سکولوں کی تعداد 63ہزار سے کم کر کے 53ہزار کر دی گئی اور شعبہ تعلیم کے فنڈز جنگلہ بس پر لگادیئے گئے، اب سکولوں کی سکیورٹی کے بارے میں حقائق سامنے آنے پر ان کا بھانڈہ پھوٹ گیا ہے بہت سے سکولوں کی چاردیواری ہی نہیں سکیورٹی کیا ہو گی۔ ریلی میں خدیجہ عمر فاروقی ایم پی اے، میاں محمد منیر، ناصر گل، ذوالفقار پپن، محمدعلی گجر، آمنہ الفت، ماجدہ زیدی، شیخ عمر حیات، سید بلال مصطفی شیرازی، ناصر رمضان گجر، رانا ریاض، شیخ عمر، پرویز مائیکل، سجاد بلوچ، ارشد بخاری، وسیم رومی، میاں کامران سیف، شہزاد خان، حافظ عثمان، شرافت علی سمیت عہدیداروں و کارکنوں کی کثیر تعداد شریک تھی