گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ،متحدہ نے سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ،متحدہ نے سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ نے فرانس کے جریدے میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی ہے،جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں ایک متفقہ مذمتی قرارداد منظور کی جائے اور اس قرارداد کے ذریعہ وفاقی حکومت کو باور کرایا جائے کہ وہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں اٹھائے اور توہین آمیز خاکوں کی آئندہ اشاعت روکنے کے لیے سفارتی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر کوششیں کی جائیں ۔مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے دیگر اراکین اسمبلی کے ہمراہ جمع کرائی ۔مذمتی قرارداد جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید سردار احمد نے کہا کہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔یہ بھی دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے ۔آزادی اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کسی کے مذہب کی توہین کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس مذمتی قرارداد میں ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا ہے کہ اسمبلی کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتیں ایک متفقہ مذمتی قرارداد منظور کریں ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقوام متحدہ سے رابطہ کرے اور ان خاکوں کی اشاعت سمیت کسی بھی مذہب کے خلاف توہین آمیز مواد شائع کرنے اور نشر کرنے سے روکنے کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان میں ان ویب سائٹس پر فوری پابندی لگائے جہاں یہ توہین آمیز خاکے موجود ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت مسلمانوں کی یکجہتی کا ہے ۔ہم اتحاد کے ذریعہ دشمن کی سازش کو ناکام بناسکتے ہیں ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...