عوامی تحریک کا مشاورتی کونسل اجلاس ، حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان
لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کا اجلاس مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ،اجلاس میں سانحہ پشاور کے ایک ماہ مکمل ہونے پر دہشت گردی کے خلاف حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت معمولی فیصلے کرنے میں بھی کئی کئی ہفتے لے رہی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمہ کے حوالے سے یکسو نہیں ہے ۔اجلاس میں کہا گیا کہ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے فوج اور قوم استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔اجلاس میں قائمقام ناظم اعلیٰ جی ایم ملک ،ساجد بھٹی،جواد حامد نے بھی شرکت کی۔ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف نہ ملنے کے خلاف آج لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہو گا ۔