پٹرول کی قلت، حکومت نے گاڑی مالکان کو بڑی خوشخبری دیدی ، سی این جی سٹیشن کھلنا شروع
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) بالآخر عوام کا احتجاج رنگ لے آیا اور وفاقی حکومت پٹرول کی قلت کے دوران سی این جی فراہمی پر آمادہ ہوگئی ہے،کل شام تک سی این جی سٹیشن کھلے رہیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق عوام کے احتجاج اور میڈیا پر آنیوالی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے رابطہ کیااور تشویش کااظہار کیا جس پر وفاقی حکومت وزیراعلیٰ پنجاب کی درخواست پر پٹرول کی قلت کے دوران سی این جی کی بحالی پرآمادہ ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں سوئی نادرن کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس کی تصدیق سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ نے بھی کردی ہے ۔
سوئی نادرن کے ترجمان کے مطابق لاہور ریجن میں فوری طورپر سی این جی سٹیشن کھول دیئے گئے ہیں اور اتوار کی شام تک کھلے رہیں گے ۔ لاہورکے علاوہ کراچی میں بھی سی این جی سٹیشن کھلناشروع ہوگئےہیں ۔
دوسری طرف وزیرپٹرولیم شاہدخاقان عباسی کاکہناتھاکہ گذشتہ روز 52,000میٹرک ٹن آئل سسٹم میں داخل ہوچکاہے،لاہورسمیت پنجاب میں اضافی شپمنٹ کا بندوبست کررہے ہیں اور پانچ سے سات دن میں بحران ختم ہوجائے گا۔
ذرائع نے بتایاکہ فروری کے پہلے ہفتے تک پٹرولیم مصنوعات کی قلت رہنے کا امکان ہے ۔