وزیراعلیٰ پنجاب ایل ڈی اے کو فیکٹریاں مسمارکرنے سے روکیں

وزیراعلیٰ پنجاب ایل ڈی اے کو فیکٹریاں مسمارکرنے سے روکیں

  

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے گجومتہ اور ہڈیارہ ڈرین کے علاقوں میں دو زیرتعمیر فیکٹریاں مسمار کرنے کے قدم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر زور دیا کہ وہ ایل ڈی اے کو ایسے اقدامات سے روکیں جو اْن کے معاشی ویژن کے خلاف ہے۔ تاجروں کے وفد سے ملاقات کے بعد جاری کردہ بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ جب تک ماسٹر پلان سائن نہ ہوجائے تب تک صنعتکاروں کے خلاف ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کیا جائے اور انہیں ہراساں کرنے کے بجائے کوئی بھی ایکشن لینے سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اعتماد میں لیا جائے۔ عبدالباسط اور ناصر حمید خان نے کہا کہ ایل ڈی اے کی جانب سے فیکٹریوں کو مسمار کرنے سے لاہور کی کاروباری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور کوئی بھی صنعتکار خود کو محفوظ تصور نہیں کررہا۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں کو تباہ کرنے جیسے اقدامات جہاں مقامی صنعتکاروں میں بے چینی پیدا کررہے ہیں وہاں غیرملکی سرمایہ کاروں کے ذہنوں میں بھی سوالات کو جنم دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ پہلے ہی مشکل حالات میں کام کررہا ہے، اگر اسی طرح فیکٹریاں مسمار کی جاتی رہیں تو حالات مزید خراب ہونگے اور صرف صنعتکار و مزدور ہی بْری طرح متاثر نہیں ہونگے بلکہ پنجاب حکومت کی ان کاوشوں کو بھی دھچکا لگے گا جو وہ صنعت سازی کو وسعت دینے کے لیے کررہی ہے۔ عبدالباسط اور محمد ناصر حمید خان نے توقع ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صورتحال کا فوری نوٹس لیں گے۔

اور ایل ڈی اے کو فیکٹریاں مسمار کرنے جیسے اقدامات سے روکیں گے۔

مزید :

کامرس -