محکمہ صحت نے تین روزہ پولیو مہم کا آغاز کر دیا،4300ٹیمیں حصہ لیں گی
لاہور( جنرل رپورٹر)محکمہ صحت لاہور نے تین روزہ پولیو مہم کا آغاز شہر بھر میں کر دیا ہے۔پولیو مہم میں 16لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔پولیو مہم میں 4300ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے شادمان میں واقع سرکاری سکول میں جا کر بچوں کوپولیو کے قطرے پلائے اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو چیک کیا۔ڈی سی لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے بتایا کہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی کا مناسب بندوبست کیا گیا ہے۔
جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز،سب رجسٹرار اور ڈی ڈی او ہیلتھ پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے لٹن روڈ پر گھر گھر جاکر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر مہم کا آغاز کیا۔انہوں نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو بھی چیک کیااور والدین سے اپیل کی کہ پانچ سال سے کم بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں۔ اس موقع پر محکمہ ہیلتھ لاہور کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔