سیوریج بند ، ٹوٹی گلیاں اور جابجا گندگی ، تاج پورہ کے مکین پریشان ، چیئر مین سمیت مکین پھٹ پڑے

سیوریج بند ، ٹوٹی گلیاں اور جابجا گندگی ، تاج پورہ کے مکین پریشان ، چیئر مین ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(لیاقت کھرل) تاج پورہ کی آبادیوں شوکت ٹاؤن، امام ٹاؤن، تنویر آباد میں بجلی کی لٹکتی تاریں، ٹوٹی پھوٹی گلیاں، سیوریج کی بندش اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اس علاقہ کی شناخت بن گئے ہیں، ’’پاکستان‘‘ کی ٹیم کے سامنے تاجپورہ کے چیئرمین ملک شوکت سمیت سروے میں مکینوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے، اس موقع پر یونین کونسل کے چیئرمین ملک شوکت علی نے بتایا کہ تاجپورہ اور اردگرد کی آبادیوں میں سب سے زیادہ شکایت سیوریج اور مضرصحت پانی کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تاجپورہ میں داخل ہوتے ہی ان کے گھر کے سامنے گلی میں گٹر کا مین ہول کھلا ہوا ہے۔ کئی دنوں سے واسا کو شکایت درج کروا رہا ہوں کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ۔ اس سے متعدد افراد جن میں بوڑھے اور بچے اس مین ہول میں گر کر زخمی ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر تاجپورہ نزد بابا حضوری دربار کے رہائشی پراپرٹی ڈیلر محمد احسن اور راجہ راحت نے بتایا کہ گلی نمبر14اے میں چار دنوں سے سیوریج بند ہے۔ نمازیوں اور بچوں کو گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ مسلسل شکایت درج کروا چکے ہیں اس کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ تنویر آباد اور شوکت ٹاؤن کے مکینوں محمد عبداللہ کرامت حسین، سرفراز احمد، محمد عباس، عبدالرحمٰن، سید حمزہ علی اور عثمان احمد شیخ نے بتایا کہ ان کی آبادیوں کی گلیاں کئی کئی سالوں سے تعمیر نہیں کی گئیں جبکہ اردگرد آبادیوں میں سیوریج کی بندش کے ساتھ ہی ان کے گھروں کا سیوریج بند ہو جاتا ہے، اس موقع پر تنویر احمد راجہ افضل اور احسن خان نے بتایا کہ اس کے علاوہ ان کی آبادیوں میں بجلی کی لٹکتی ہوئی تاروں نے خوف کی ایک علامت پیدا کر رکھی ہے، اس موقع پر گیا پیر روڈ کے مکینوں اسلم، نواز علی کو احسن ناز نے بتایا کہ سیوریج کی بندش سے گھروں میں مضر صحت پانی آ رہا ہے ایک طرف سیوریج بند رہتا ہے تو دوسری جانب مضر صحت پانی سے بچے اور بوڑھے افراد معدے، پیٹ اور یرقان کی بیماریوں میں مبتلا ہو کر رہ گئے ہیں، جبکہ سیوریج کی بندش اکثر اوقات اپنے گھروں میں قید ہو کر رہ جاتے ہیں، مکینوں نے بتایا کہ تاج پورہ کی گجا پیر روڈ، برف خانہ روڈ اور پیپسی روڈ ٹوٹ پھوٹ چکے ہیں، برف خانہ روڈ اور گجا پیر روڈ سے سیوریج کی بندش کے باعث گذرنا محال ہو کر رہ جاتا ہے۔ جبکہ صادق خان ٹرسٹ کے سامنے بھی آئے روز سیوریج بند رہنے سے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی طرح امام ٹاؤن اور صلی ٹاؤن میں بھی سیوریج کی بندش کی شکایات نے زور پکڑ لیا ہے۔ اس بارے واسا حکام کو متعدد بار شکایات کر چکے ہیں۔جبکہ بجلی کی لٹکتی ہوئی تاروں اور گندگی کے ڈھیروں پر لیسکو حکام اور سٹی گورنمنٹ کے ذمہ داروں کو بھی شکایات کر چکے ہیں، لیکن آج تک کی ذمہ دار افسر نے اس علاقہ کی حالت زار پر بدلنے کے لئے کوشش تک نہیں کی ہے، اس حوالے سے علاقہ کے چیئرمین ملک شوکت علی نے بتایا کہ برف خانہ روڈ اور کچا پیر روڈ پر سیوریج کی بندش اور سڑکوں کی حالت زار کو بدلنے کے لئے وہ خود بھی شکایات کر چکے ہیں، لیکن متعلقہ محکمے ٹس سے مس نہ ہیں۔ اس پر وزیر اعلیٰ کو نوٹس لینا چاہئے۔