بارشوں سے لیسکو سمیت دوسرے ڈسکوز کا ترسیلی نظام شدید متاثر

بارشوں سے لیسکو سمیت دوسرے ڈسکوز کا ترسیلی نظام شدید متاثر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کا ترسیلی نظام بارشوں کے باعث شدید متاثر ہو گیا ۔ ترسیلی نظام متاثرہونے سے بیشتر علاقوں میں پانی کی بھی قلت پیدا ہو گئی ۔ صوبائی دارالحکومت میں اٹھارہ گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی کئی علاقوں میں بجلی کی بحالی نہیں ہو سکی ۔ بارش کے باعث درجنوں ٹرانسفارمرز بھی جل گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں اتوار کی صبح جبکہ صوبائی دارالحکومت میں اتوار کی شام سے شروع ہو کر گزشتہ روز صبح تک ہونے والی بارش سے لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا اور ڈسکوز کے سینکٹروں گرڈ ٹرپ کر گئے ۔لیسکو کے سو سے زائد گرڈز ٹرپ ہوئے جن کی بحالی کا کام گزشتہ روز صبح بارش رکنے کے بعد شروع کر دیا گیا تاہم را ت گئے تک 30 گرڈز کی بحالی کا کام جاری رہا ۔ سو سے زائد گرڈز ٹرپ کئے جانے سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو گیا ۔ بیشتر علاقے ساری رات ہی بجلی سے محروم رہے ۔ بجلی کی بندش کے باعث بیشتر علاقوں میں پانی کی بھی قلت ہو گئی ۔ جن علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی وہاں بعد ازاں لوڈ مینجمنٹ شروع کر دی گئی اور لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا ۔

مزید :

صفحہ آخر -