حیات شہید نے پختون قوم کے حقوق کیلئے جدوجہد کی تھی ،سکندر شیر پاؤ

حیات شہید نے پختون قوم کے حقوق کیلئے جدوجہد کی تھی ،سکندر شیر پاؤ

  

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ پختونوں کے حقوق کے لئے جو جدوجہدحیات محمد خان شیر پاؤ شہید نے شروع کی تھی ہماری پارٹی انہی مقاصد کے حصول کے لئے دن رات محنت کر رہی ہے اور عوام کے حقوق کے حصول کے لئے ہر قسم کی قربانی دیتے رہیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور کے نواحی علاقے داؤد زئی میں ارباب جمیل خان کے حجرے میں منعقدہ داؤد زئی سول کنال کے ایک جامع منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ منصوبہ کٹھہ جندریات و کٹھہ ناساپہ کے نام پر کابل ریور سے علاقے کی زمینوں کی سیرابی کا واحد ذریعہ ہے جس سے علاقے کی پانچ ہزار ایکڑ زمین سیراب ہوگی۔اس سکیم پر 8.79ملین روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ ہزاروں گھرانے اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ ورسک ڈیم سے اس علاقے کے لئے پانی کا جو بندوبست کیا گیا ہے اس سے شاہ عالم تا ناگمان اور بالائی داؤد زئی سے گل بیلہ تک120دیہاتوں کو آبپاشی کا پانی میسر ہوگا۔واضح رہے کہ یہ سکیم گزشتہ 15سال سے سرد خانے میں پڑی تھی۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر موجود کسانوں کو یقین دلایا کہ ایسے مزید سول کٹھوں کو بھی سرکاری تحویل میں شامل کیا جائے گا جس کے لئے ایک جامع سکیم آئندہ اے ڈی پی میں شامل کی جا رہی ہے۔ موقع پر موجود محکمہ آبپاشی کے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے مختلف علاقوں میں فلڈ پروٹیکشن وال کی تعمیر کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ تمام کٹھہ جات کو تعمیر کرتے وقت موسمی صورتحال کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارباب جمیل نے علاقہ داؤدزئی میں شیر پاؤ خاندان کی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیر پاؤ کی خدمات کو سراہتے ہوئے علاقے کے عوامک ی طرف سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر اتحاد زمینداران داؤدزئی کے سینکڑوں ممبران کے علاوہ ارباب ہاشم بابر،امجد مہمند،حاجی شفیع خان اور محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -