شہزادہ محمد بن فیصل بن عبدالعزیز السعودانتقال کرگئے
کراچی( پ ر) دار المال الاسلامی کے بورڈ آف سپر وائزرز کے چیئرمین اور اثمار گروپ کے چیئرمین کے والد عزت مآب شہزادہ محمد بن فیصل بن عبدالعزیز السعود 80 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ اسلامی بینکاری کو متعارف کروانے والوں میں سے ایک تھے۔محمد بن فیصل بن عبدالعزیز السعود 1937 میں طائف میں پیدا ہوئے۔ وہ شاہ فیصل کے سب سے بڑے بیٹے تھے۔انہوں نے لارنس وِلے اور ہن اسکول سے تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد وہ سوارتھ مور کالج گئے۔ انہوں نے کیلیفورنیا کے میلنو کالج سے بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبے میں بیچلرز آف سائنس کی سند حاصل کی۔فیصل بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور صدر نعمان انصاری نے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ناقابل تلافی نقصان پر عزت مآب شہزادہ امر بن محمد الفیصل بن عبدالعزیز السعود سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ بینکاری اور مالیات کے میدان میں ان کے والد کی خدمات قابل ذکر ہیں۔ عزت مآب محمد بن فیصل بن عبدالعزیزالسعود نہ صرف ایک کامیاب پیشہ ورانہ شخصیت کے حامل تھے بلکہ وہ ایک فیلینتھروپسٹ بھی تھے جنہوں نے نہ صرف اسلامی معاشرے کی بھلائی اور بہتری کے لیے بہت سی خدمات سر انجام دیں بلکہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے تھے۔