صوابی ،واپڈا کیس میں گرفتار نائب ناظم اور 38 عمائدین رہا

صوابی ،واپڈا کیس میں گرفتار نائب ناظم اور 38 عمائدین رہا

  

صوابی( بیورورپورٹ)ایڈیشنل سیشن جج چھوٹا لاہور کی عدالت نے انتظامیہ کی رپورٹ پر واپڈا کیس میں گرفتار ضلع نائب ناظم حاجی عصر خان سمیت 38گرفتار عمائدین ، علماء ، عوامی نمائندوں اور اصلاحی جر گہ کے اراکین کو ریگولر ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے جب کہ جے یو آئی ضلع صوابی کے امیر مولانا عطاء الحق درویش نے اس موقع پر صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر چھوٹا لاہور کو جلد از جلد بر طرف کیا جائے ورنہ جے یو آئی جمعہ کے روز صوابی چوک میں بھر پور احتجاجی مظاہرہ کرئے گی عدالت میں پیشی کے موقع پر وزیر اعلی کے معاون خصوصی عبدالکریم خان کے علاوہ جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا عطاء الحق درویش ، سابق ایم پی اے سر دار علی خان ، مسلم لیگ ن کے حاجی نوابزادہ خان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تمام گرفتار افراد کو پولیس نے ڈسٹرکٹ جیل صوابی سے پیش کے لئے ایڈیشنل سیشن جج چھوٹا لاہور کی عدالت لائے عدالت نے ان کی درخواست ضمانت منظور کر کے رہائی کے احکامات جاری کر دیئے اور باقاعدہ کیس کے لئے بعد میں تاریخ پیشی مقرر کی جائے گی اس موقع پر کثیر تعداد میں عمائدین علاقہ اور عوام موجود تھے۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال یکم جون کو موضع مانکی میں علاقے کے عوام نے بجلی کے لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جس میں بعض مشتعل افراد نے موقع پر موجود اے سی لاہور سمیع اللہ خان اور پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس سے اے سی لاہور و دیگر پولیس اہلکارزخمی ہو ئے تھے جب کہ پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کر نے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی تھی انتظامیہ نے مشتعل مظاہرین کو احتجاج سے منع کر نے والے مانکی و دیگر مضافات کے عمائدین بزرگوں اور عوامی نمائندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی بعد ازاں سپیکر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے ایف آئی آر میں نامزد افراد اور انتظامیہ کے مابین راضی نامہ کرایا لیکن گذشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج چھوٹا لاہور نے نامز د 36افراد کی قبل از گرفتاری ضمانت منسوخ کر دی اور یوں ضلع کونسل صوابی کے نائب ناظم حاجی عصر خان جے یو آئی کے بزرگ رہنما مولانا عبدالحق ، اے این پی کے بزرگ رہنما حاجی محمد آیاز خان ، ضلع کونسل کے سابق رکن سلطان قریش ، اصلاحی جر گہ مانکی کے صدر ملک درویش خان ، ناظم منہاج ، نائب ناظم جاوید 36عمائدین کو چھوٹا لاہور پولیس نے حراست میں لے لیا #

مزید :

پشاورصفحہ آخر -