زہریلی مٹھائی سے جاں بحق خاندان کی بیوہ ‘ بہو اور بیٹی بیاہ دی گئیں

زہریلی مٹھائی سے جاں بحق خاندان کی بیوہ ‘ بہو اور بیٹی بیاہ دی گئیں

  

فتح پور( سٹی رپورٹر) ضلع لیہ کے شہر فتح پور کے نواحی گاؤں چکنمبر 105/ML میں المناک سانحہ زہریلی مٹھائی سے ایک ہی خاندان کے جاں بحق ہونے والے 13تیرہ افراد کے سربراہ عمر حیات نے اپنی ایک بیوہ بہو اور ایک زندہ بچ جانیوالی بیٹی کی شادیاں کردیں،دونوں کی ڈولیاں غم،دکھ اور جدا ہو جانیوالوں کی یاد میں ’’ڈولیاں ارمانوں ‘‘ کی بن گئیں،جس بہو کو بہت لاڈ ،پیار،ارمان سے بیاہ کر (بقیہ نمبر46صفحہ12پر )

لائے تھے،اسے ہی دوبارہ اپنے گھر سے رخصت کرتے وقت انتہاء درجے کے جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور مرد و زن سمیت ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔شادی کی تقریب میں پنجاب گورنمنٹ اور ضلعی انتظامیہ لیہ کے نمائندے کی حیثیت سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لیہ رائے نعیم اللہ بھٹی ،فتح پور سے ممبر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی لیہ رانا اعجاز سہیل ،جنرل کونسلر ایم سی فتح پور رانا غلام مصطفی با بو ،سید الطاف شاہ ،ممبر ضلع کونسل لیہ چوہدری قیصر ارشادنے خصوصی طور پر شرکت کی،انکے علاوہ چوہدری پرویز جٹ،چوہدری جاوید نمبر دار،کونسلر چوہدری عبد الوحید ، چوہدری اقبال و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اے ڈی سی لیہ رائے نعیم بھٹی ،رانا اعجاز،رانا مصطفی با بو،سید الطاف شاہ اور چوہدری قیصر ارشادنے کہا کہ وزیر اعلی میاں شہباز شریف، پنجاب گورنمنٹ،ضلعی انتظامیہ اور ہم سب آپکے دکھ،سکھ اور فرائض کی ادائیگی میں برابر کے شریک ہیں اور آپکی آئندہ زندگی میں خوشیوں کیلئے دعا گو ہیں،اے ڈی سی لیہ نے حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر لیہ سید واجد علی شاہ کی جانب سے سلامی وخصوصی تحائف بھی دیئے،رانا اعجاز سہیل ،رانا مصطفی با بو،چوہدری قیصر ارشاد و دیگر نے بھی گفٹ پیش کئے، سابق ڈی سی او لیہ رانا گلزار احمد نے ٹیلی فون پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ سلامی اور تحائف بھی بھجوائے، جملہ شرکاء نے سانحہ کے متاثرین اور عمر حیات فیملی کی خصوصی دیکھ بھال کرنے پر چک کے زمیندار و سماجی شخصیت چوہدری پرویز جٹ،چوہدری جاوید نمبر دار،کونسلر عبد الوحید اور انکے دیگرساتھیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔عمر حیات نے آبدیدہ ہو کر بتایا کہ اسکی جس بہو کا شوہر اور تین بچے بھی زہریلی مٹھائی سے فوت ہوئے آج اسکی شادی اپنے ہی بھانجے محمد اکبرکے ساتھ اسی چک میں کردی ہے جبکہ واحد زندہ بچ جانیوالی بیٹی کے شوہرمحمد آصف کو بطور بڑھاپے کا سہارا گھر داماد بنا کر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،اس نے وزیر اعلی پنجاب ڈپٹی کمشنر لیہ ، اے ڈی سی لیہ سمیت جملہ مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہو ئے کہا کہ ایسے نیک دل افراد کی ہمدردی سے ہی اس میں زندہ رہنے کا حوصلہ پیدا ہوا ہے۔مزید برآں اطلاعات کے مطابق شادی کی تقریب کے بعد سابق وزیر زراعت پنجاب ملک احمد علی اولکھ نے بھی اپنے بیٹے ملک عثمان اولکھ کے ہمراہ عمر حیات کے گھر جا کر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -