وزیراعظم کی تقریر قوم کیلئے باعث شرمندگی،ان کے وکیل سے معلوم ہوا پارلیمنٹ جھوٹ بولنے کی جگہ ہے: اسد عمر

وزیراعظم کی تقریر قوم کیلئے باعث شرمندگی،ان کے وکیل سے معلوم ہوا پارلیمنٹ ...
وزیراعظم کی تقریر قوم کیلئے باعث شرمندگی،ان کے وکیل سے معلوم ہوا پارلیمنٹ جھوٹ بولنے کی جگہ ہے: اسد عمر

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہاہے کہ وزیراعظم نے جو تقریر کی وہ قوم کیلئے شرمندگی کا باعث ہے ان کے وکیل کے موقف سے پتہ چلا ہے کہ پارلیمنٹ میں جہاں ملک کے بڑے قومی مسائل حل کئے جاتے ہیں وہ جھوٹ بولنے کی جگہ ہے۔

پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر کو ان کے شوہر کی قید سے بازیاب کروالیا

اے آر وائے نیوز کے پروگرام ”پاور پلے“ میں گفتگو کے دوران اسد عمر کا نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں جھوٹی کہانیاں بنانے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا کہ ہم کیا کرنے جا رہے ہیں،شریف خاندان کوان کی جھوٹی کہانیوں نے پھنسایا ہے جہاں سے نکلنا ان کے لئے مشکل ہوتا جارہا ہے۔وزیراعظم کی جانب سے 4 مختلف بیانات دیے گئے ہیں،پہلاقطری شہزادے کاخط،دوسرا پارلیمنٹ میں تقریر،تیسرا عدالت میں اور چوتھابیان جوانہوں نے جواب جمع کرایا تھا ۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف کی کرپشن کا کیس ملک میں ہرکسی کی زبان پر ہے، کسی بچے سے بھی پوچھ لیں تو وہ بھی بتا دے گا کہ ہمارا وزیراعظم کرپشن کر تا پکڑا گیا ہے۔جبکہ ان کا وکیل پچھلے دو دن سے جو کر رہا ہے اس کا لب لباب یہ ہی ہے کہ وزیراعظم کو قوم سے جھوٹ بولنے کا پورا حق ہے اور انہیں کوئی بھی سوال نہیں کرسکتا۔وزیراعظم کے وکیل کے پاس جمہوریت کی جڑیں کاٹنے کا اس سے اچھا کوئی طریقہ نہیں ہے۔

اسد عمر نے مریم نواز سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ مریم بی بی کا لائف سٹائل ان کے اثاثوں، آمدن اور ان کے شوہر کی کمائی سے کبھی پورا نہیں ہوسکتا، وہ کہتی ہیں کہ میں وزیراعظم کی زیر کفالت نہیں حالانکہ جب بھی اپنا ایڈریس دکھاتی ہیں وزیراعظم والا دکھاتی ہیں،جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وزیراعظم کی زیر کفالت ہیں اور ذریعہ آمدن بھی وہی ہیں جبکہ ان کے شوہر کیپٹن صفدر کے دستاویزات کے مطابق وہ ایبٹ آبادمیں رہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم مان بھی لیں کہ وہ وزیراعظم کیساتھ نہیں رہتیں اور ان کی زیر کفالت بھی نہیں ہیں تو سوال یہ اٹھتا ہے کہ ان کے جتنے اخراجات جوان کی آمدن سے بھی کہیں زیادہ ہیں وہ کہاں سے پورے ہوتے ہیں؟

مزید :

اسلام آباد -