نجکاری کے نام پر اداروں کو کوڑیوں کے مول بیچاجارہا ہے ،عارف علوی

نجکاری کے نام پر اداروں کو کوڑیوں کے مول بیچاجارہا ہے ،عارف علوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف تحریک انصاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ ن لیگ کی وفاقی حکومت جاتے جاتے سارا مال سمیٹنا چاہتی ہے۔ ن لیگ نے پہلے ملکی اداروں کو تباہ کیا اور اب ان کی نجکاری کرکے اپنے من پسند لوگوں کو کوڑیوں کے دام بیچ کر مال بٹورنا چاہتی ہے جو تحریک انصاف کبھی نہیں ہونے دے گی۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ''انصاف ہاوس'' کراچی سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ ملکی اداروں کی نجکاری مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ ان میں موجود مسائل اور بے قاعدگیوں کی نشاندہی کر کے انہیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ماضی میں بھی ن لیگ نے اسی قسم کے اقدامات کئے ہیں کہ پہلے ملکی اداروں کو تباہی کی طرف لے جایا جاتا ہے اور اس کے بعد انہیں اپنے من پسند لوگوں میں کوڑیوں کے دام بیچ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کرنا ’ن لیگ ‘کے منشورمیں شامل ہے۔ المیہ یہ ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے وزیر اعظم بنتے ہی ان کی نجی ایئرلائن منافع میں اور پی آئی اے خسارے میں جانا شروع ہوگئی ہے۔ حکمرانوں نے اپنی کرپشن اور اپنے بینک بیلنس بھرنے کے لئے کرپشن اور اقرباء پروری کے ذریعے پاکستان کو کھوکھلا کردیا ہے۔تحریک انصاف اقتدار میں آتے ہی ملکی اداروں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرے گی کیونکہ یہ ملکی ادارے اس ملک کا اثاثہ ہیں انہیں کسی صورت کرپشن اور مفاد پرستی کی نذرنہیں ہونے دیں گے۔