مہمند ،تحصیل صافی کے مکینوں کا لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

مہمند ،تحصیل صافی کے مکینوں کا لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

مہمند (نمائندہ پاکستان) مہمند، تحصیل صافی میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف علاقے کے سیاسی رہنماؤں اور عوام کا احتجاجی مظاہرہ۔ مظاہرے کے دوران پشاور ٹوباجوڑ شاہراہ تین گھنٹے تک ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند رہا۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند تحصیل صافی مامد گٹ کے مقام پرگریڈ سٹیشن کے سامنے تحصیل کے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور علاقے کے لوگوں ملک فردوس خان ، حاجی موسم خان، ڈاکٹر اسرار، ملک خان زیب کی قیادت میں بجلی کے ظالمانہ اور ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے کے دوران مامد گٹ کے مقام پر پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ تین گھنٹے تک ہر قسم ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا۔ مظاہرین نے واپڈا کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ علاقے میں کئی دنوں سے بجلی غائب ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکمل تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ علاقے کے لوگوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردی میں اضافے کے ساتھ علاقے کی بجلی مکمل طور پر کاٹ دی گئی ہے جو کئی روز گزرنے کے باؤجود بحال نہ ہو سکی۔ انہوں نے واپڈا حکام اور دیگر ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ ہماری بجلی کو فوری طور پر بحال کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رہیگا۔ بعد میں انتظامیہ کے تحصیلدار اور لیوی بی ایچ ایم محمد شفیق سے کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو کر مظاہرہ ختم کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر