فواد چوہدری کو غلطی کا احساس ہو گیا ، معافی بھی مانگ لی ، معاملہ کو طول نہ دیا جائے :: چودھری شجاعت
لاہور( جنرل رپورٹر) صدر پاکستان مسلم لیگ ق و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری کے اس بیان پر کہ ہماری مہربانی ہے ہم نے ق لیگ میں فارورڈ بلاک نہیں بنایا پر کہا ہے فواد چودھری کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا اور انہوں نے معذرت بھی کر لی ہے، اس بات کو مزید طول نہ دیا جائے ورنہ فائدہ صرف مخالفین کو ہو گا۔ انہوں نے کہا اگرچہ ق لیگ کے ارکان کم ہیں لیکن یہ یاد رکھنا چاہئے یہی ق لیگ ایک وقت میں دو تہائی اکثریت کیساتھ حکومت کرتی رہی ہے، حکومتیں آنی جانی چیز ہیں، پارٹیاں کبھی حکو مت ،کبھی اپوزیشن میں ہوتی ہیں، ہماری جماعت نے تحریک انصاف سے اتحاد ملک کے بہترین مفاد اور بحرانوں کے حل کیلئے کیا ، ملک اس وقت جن بحرانوں سے گزر رہا ہے اس میں ذاتیات پر حملوں کی بجائے ان بحرانوں کے حل کیلئے حصہ دار بننا اور کم از کم ایک ایجنڈے پر سب کو مل کر کام کرنا چاہئے وہ ہے معیشت کو سنبھالنا، اگر یہ بھی نہ سنبھال سکے تو ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا جس کی زد میں ہر چھوٹا بڑا آئے گا، خاص طور پر تنخواہ دار طبقہ پر اس کا بہت شدید اثر پڑے گا اس لیے ذاتیات پر حملوں کی بجائے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔
چودھری شجاعت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ق نے فارورڈ بلاک کے حوالے سے فواد چودھری کے بیان پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ وزیراعظم عمران خان کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ آج وزیر اعظم عمران خا ن سے اس سلسلے میں ملاقات کر یں گے اور معاملے ان کے سامنے رکھیں گے۔ مونس الہٰی بھی فواد چودھری کے بیان پر ناراضی کا اظہار کر چکے ہیں۔واضح رہے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا چاہتے تو ق لیگ میں فارورڈ بلاک بنا دیتے، تاہم بعد ازاں اپنے بیان پر معذرت کرلی تھی۔ فواد چودھری نے فارورڈ بلاک کا بیان دیا تو مسلم لیگ ق کی قیادت نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ جوابی ٹویٹ میں مونس الہٰی کا کہنا تھا ایسے بیانات سے اتحاد ختم ہو سکتا ہے، عمران خان اپنے رہنماوں کو ڈسپلن میں رکھیں،سخت ردعمل کے بعد فواد چودھری نے مونس الہٰی سے رابطہ کیا اور اپنے بیان پر معذرت کا ٹیکسٹ کر دیاجس کے بعد چودھری مونس الہٰی کا کہنا تھا رات گئے فواد چودھری کی جانب سے معذرت کا میسج آ گیا ہے جس میں فواد چودھری کا کہنا تھا میرے منہ سے فارورڈ بلاک کے حوالے سے مسلم لیگ ق کا نام غلطی سے نکل گیا تھا۔
ق لیگ