پاکستان کوون ڈے سیریز میں بھی کلین سویپ کر یں گے،ہاشم آملہ

پاکستان کوون ڈے سیریز میں بھی کلین سویپ کر یں گے،ہاشم آملہ

پورٹ الزبتھ(آئی این پی)جنوبی افریکن ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔اپنے ایک بیان میں ہاشم آملہ نے کہا کہ پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے بعد ان کی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اب ان کی ٹیم گرین شرٹس کو ون ڈے سیریز میں بھی کلین سویپ کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پہلے میچ میں شکست دیکر ون ڈے سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرنا چاہتے ہیں تاہم انہوں نے ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ اس مقصد کے حصول کے لئے پوری ٹیم کو سرتوڑ محنت کرنا ہوگی۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 جنوری سے ہو گا، گرین شرٹس کو ٹیسٹ سیریز میں عبرتناک شکست کے بعد اب ون ڈے سیریز میں پروٹیز کا چیلنج درپیش ہو گا، پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں پروٹیز کے ہاتھوں 3-0 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری کو پورٹ الزبتھ، دوسرا میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی