ایمریٹس ایئر لائن نے پاکستان میں آپریشنز کے حوالے سے ایسا اعلان کر دیا کہ سن کر پاکستانیوں کے دل ٹوٹ جائیں گے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ دنوں برٹش ایئرویز نے پاکستان واپس آنے کا اعلان کیا، جس کی یقین دہانی وہ ایک سال قبل کرا چکی تھی، تو اس پر پاکستان میں بہت خوشی کا اظہار کیا گیا تاہم اب اس حوالے سے ایک بری خبر آ گئی ہے۔ دی نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئرلائنز نے پاکستان کے لیے اپنی پروازوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک ای میل کے ذریعے ایئرلائنز نے مطلع کیا ہے کہ مسافروں کی بین الاقوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کمپنی نے پاکستان کے لیے اپنے آپریشنز کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں جانے والی پروازوں کی تعداد کم کر دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ایئرلائنز نے سیالکوٹ کے لیے اپنی روزانہ ایک پروازکی سروس معطل کر دی ہے، تاہم اس شہر کے لیے فلائی دبئی کے آپریشنز جاری رہیں گے۔ پہلے لاہور کے لیے ہفتے میں 10پروازیں تھیں جو اب 9کر دی جائیں گی۔ کراچی آنے والی 35پروازوں میں کمی کرکے 23اور اسلام آباد آنے والی 11پروازوں کو کم کرکے 7کر دی جائیں گی۔ تاہم پشاور کے لیے پروازوں کی موجودہ تعداد برقرار رکھی جائے گی۔ اس فیصلے کا اطلاق 2019ء کی دوسری سہ ماہی سے ہو گا۔