”لوگ آج سن لیں عمران خان پانچ سال نہیں نکالے گا ، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا “
بدین(ڈیلی پاکستان آن لائن )آصف علی زرداری نے جلسہ عام میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہپی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے سفید پوش لوگ بھی ریڑھیاں لگانے پر مجبور ہو رہیں اور غریب آدمی آج ہاتھ اٹھاکر انہیں بددعائیں دے رہا ہے ” لوگ آج سن لیں ، عمران خان پانچ سال نہیں نکالے گا ، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔
بدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نےکہا کہ ہم نے ہمیشہ غریبوں کے حقوق کی بات اور جدوجہد کی، سازش ہمارے خلاف نہیں، سازش عوام کے خلاف ہے،ان کی جنگ مجھ سے صرف 18 ویں ترمیم پر ہے۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ عمران خان کی حکومت پانچ سال گزار سکے،اس حکومت کے اتنے سکینڈلز نکل کر سامنے آرہے ہیں کہ میں سوچ رہا ہوں کہ اتنے سکینڈلز آئے کہا ں سے ہیں؟ہماری پبلسٹی ہوتی ہے ان کے سکینڈلز نکلتے ہیں جبکہ یہ سارے ڈرامے اپنے سیکنڈلز کوچھپانے کے لیے کیے جارہے ہیں، آپ نے لوگوں کی خیرات کا پیسہ چھپانے کے لیے یہ سب کچھ کیا ہے جس کا قبر تو پوچھے گی مگرلوگ بھی پوچھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ زمین ختم ہوگئی، اب یہ چاہتے ہیں کہ گیس اور ذخائر لے لیں، ہمیں اتنا دیوار سے مت لگاؤ کہ عوام میرے ہاتھ میں نہ رہیں، سندھ کے عوام بہت باشعور ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا حق کیا ہے؟مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے اور لوگوں کی بنیادی اشیاء پر پچاس فیصد سے زائد نرخ بڑھادیے گئے ہیں،موجودہ حکومت کو ادراک ہی نہیں تھا کے ڈالر اوپر جارہا ہے ،ہم اپنے دور میں مہینہ مہینہ پہلے ڈالر پر نظر رکھتے تھے کہ یہ کہاں جائیگا ؟ہم نے حکومت بھی چلائی اور ملک کو ترقی بھی دی اور ایسے ایسے کام کیے جو دوستوں نے بھی نہ سوچے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجھے کسی نے نہیں کہا تھا کہ بلوچستان سے معافی مانگی جائے مگر میرا ضمیربھی شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیربھٹو کی طرح زندہ ہے جس کی وجہ سے میں نے معافی مانگی ،اسماعیل ر اہو اور ان کے والد کی سوچ بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو ،محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی طرح ہے،ہم نے ہمیشہ غریب کا ساتھ دینے کی بات کی ہے اور ساتھ دیا ہے،غریبوں کے حقوق کے لیے بھٹو صاحب نے شہادت قبول کی،محترمہ شہید بینظیر بھٹو اورفاضل راہو صاحب کو بھی اسی سازش کے ذریعے شہید کیاگیااور یہ سازشیں صرف عوام کے خلاف تھیں ۔
سابق صدر کا کہنا تھاکہ آپ کے الیکشن کو ملک میں کوئی نہیں مانتا، یہ نہ عوام سے آئے ہیں نہ ان کا عوام میں دوبارہ جانے کا ارادہ ہے، آپ کو علم ہی نہیں ڈالر اوپر جارہا ہے، اب سلیکٹڈ وزیراعظم بن ہی گئے ہو تو کچھ سیکھ لو۔آصف زرداری نے پیشگوئی کی کہ پورا پاکستان سن لے، عمران خان پانچ سال نہیں نکال سکتے، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ان سب کو ہم سنبھال لیں گے اور سب کا مقابلہ کرلیں گے۔