”قومی ٹیم میں کھلاڑیوں کا انتخاب سیاسی اثرو رسوخ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے “معروف کرکٹر نے ایسا پنڈورا باکس کھول دیا کہ عمران خان بھی حیران پریشان رہ جائیں گے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )قومی ٹیم کے ٹیسٹ اوپنر خرم منظور نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ٹیم میں کھلاڑیوں کا انتخاب سیاسی اثر و رسوخ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے پروگرام ”سکور“میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ لیگ کرکٹ کھیلنے کے لیے انگلینڈ اس لیے نہیں جاتے تاکہ پاکستان میں پورا فرسٹ کلاس سیزن کھیل سکیں اور قومی ٹیم میں واپسی ممکن ہو لیکن انہیں مسلسل نظر انداز کیا جا رہاہے ۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی تگڑی سفارش نہیںاور نہ ہی اسلام آباد میں کسی سیاسی شخصیت سے رابطہ ہے تو کیا ہم یوں ہی منہ دیکھتے رہیں گے؟'خرم منظور کا مزید کہنا تھا کہ اب تو پاکستان کرکٹ کے حلقوں میں یہ بات عام ہے کہ اگر آپ کے پاس مضبوط سفارش اور سیاسی اثر و رسوخ ہے تو پاکستان ٹیم میں آنے سے آپ کو کوئی روک نہیں سکتا۔
واضح رہے کہ دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے 32 سالہ اوپنر خرم منظور نے قائداعظم ٹرافی 2018 میں کراچی وائٹس کے لیے 8 میچوں میں 68.15 کی اوسط سے 886 رنز 3 سینچریوں کی مدد سے بنائے ہیں۔