آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کی ملاقات
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن )چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے امریکی فوج کے کمانڈر جنرل آسٹن سکاٹ ملر ،امریکی صدر کے نائب معاون لیزا کرٹس اور امریکی ناظم الامور کے ہمراہ ملاقات کی ہے ۔آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف سے زلمے خلیل زاد اور افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر کی ہونے والی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر افغان امن و مفاہمتی عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور امریکی وفد نے امن عمل کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے لیے اہم ہے، پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔
اس سے قبل زلمے خلیل زاد کی خارجہ سیکریٹری تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق زلمے خلیل زاد کے وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں افغان امن عمل سے متعلق پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق امریکی وفد میں دفاع، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ، نیشنل سیکیورٹی کونسل کے نمائندے شامل ہیں۔