میڈیکل نصاب کو یکساں بنانے کیلئے انٹر یونیورسٹی بورڈ تشکیل
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک بھر میں پوسٹ گریجو ایٹ میڈیکل ایجوکیشن کے نصاب کو یکساں بنانے ، انڈر گریجو ایٹ اور پوسٹ گریجو ایٹ پروگرامز میں داخلے کیلئے ایک ہی انٹری ٹیسٹ لینے اور مشترکہ ریسرچ پراجیکٹس کو فروغ دینے کیلئے قومی اور صوبائی سطح پر انٹر یونیورسٹی بورڈ تشکیل دے دئیے گئے جو میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز پر مشتمل ہوں گے۔
نیشنل لیول پر انٹر میڈیکل یونیورسٹی بورڈ کے صدر پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نواب شاہ کے ڈین پروفیسر گلشن علی میمن ہوں گے جبکہ بورڈ کے سیکرٹری کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر اسد اسلم خان ہوں گے۔ پنجاب میں انٹریونیورسٹی بورڈ کے صدر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم جبکہ سیکرٹری پروفیسر اسد اسلم خان ہوں گے۔ بورڈ نصاب اور امتحانی نظام کو یکساں بنانے کے ساتھ ساتھ کریڈٹ ٹرانسفر کے حوالے سے بھی پالیسی بنائے گا۔ اس بات کا اعلان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ایم ڈی، ایم ایس، ایم ڈی ایس پروگرامز میں اصلاحات کے حوالے سے ہونے والے گرینڈ کنونشن میں کیا گیا۔ تمام ایڈوائزری کمیٹیاں 60 دن کے اندر اپنی سفارشات پیش کریں گی۔