’مغرور ریاست کے منہ پر طمانچہ مارکربتایاکہ ہماری مدد خداکرتاہے‘،ایرانی سپریم لیڈرکا8سال بعد اجتماع جمعہ سے خطاب

’مغرور ریاست کے منہ پر طمانچہ مارکربتایاکہ ہماری مدد خداکرتاہے‘،ایرانی ...
’مغرور ریاست کے منہ پر طمانچہ مارکربتایاکہ ہماری مدد خداکرتاہے‘،ایرانی سپریم لیڈرکا8سال بعد اجتماع جمعہ سے خطاب

  



تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے آٹھ سال بعد نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیااور خطبہ دیا۔اس موقع پرایران بھر سے ہزاروں افراد نماز جمعہ کا خطاب اور خطبہ سننے کیلئے امڈ آئے۔

نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے اپنی دہشت گرد فطرت کا مظاہرہ کیاتاہم ایران نے بدتمیز ریاست کے منہ پر طمانچہ مار کر انہیں واضح کردیا کہ خدا ہماری مدد کرتا ہے۔انہوں نے کہاجس دن ایران نے عراق میں امریکا کے خلاف کارروائی کی وہ دن خدا کا دن تھا۔

واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے گزشتہ آٹھ سال سے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرنا ترک کررکھا تھا تاہم حالیہ امریکا ایران کشیدگی کے تناظرمیں انہوں نے نہ صرف اجتماع سے خطاب کیا بلکہ امریکا کے سامنے ایک بار پھر اپنا موقف واضح کردیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نماز جمعہ کے بعد ہزاروں ایرانیوں نے گھروں سے نکل کر امریکا اور اسرائیل سے نفرت کے اظہارکیلئے ریلیاں نکال رہے ہیں۔ریلیوں میں شامل افراد ایران کے مقتول جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کررہے ہیں۔

 ایران کی نماز جمعہ مرکزی کمیٹی نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا  کہ اس ہفتے نماز جمعہ دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں واقع مصلائے امام خمینی میں رہبر انقلاب اسلامی کی امامت میں ادا کی جائے گی۔اس سے قبل 3 فروری2012 کو آیت اللہ خامنہ ای کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی گئی تھی۔اس موقع پرانہوں نے نماز جمعہ کے خطبوں میں اسلامی بیداری کے موضوع پرخاطر خواہ گفتگو کی تھی جس کا عالمی سطح پر بالخصوص عرب ممالک میں خاصا خیرمقدم کیا گیا۔

مزید : اہم خبریں /بین الاقوامی /عرب دنیا