حکومت نے ایسے افسر کو پاک فضائیہ کا نائب سربراہ بنادیا کہ ’ابھی نندن‘ سمیت سب بھارتیوں کی نیندیں اڑجائیں گی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت پاکستان نے فضائیہ کے اعلیٰ افسر احمر شہزاد لغاری کوایئر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئےپاک فضائیہ کا نائب سربراہ مقرر کر دیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر مارشل احمر شہزاد لغاری نے نومبر 1984 میں پاک فضائیہ کی گورنمنٹ ڈیوٹی پائلٹ برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا ور اپنے شاندار کیریئر میں وہ فائٹر سکواڈرن اور آپریشنل ایئربیس کی کمانڈ بھی کر چکے ہیں،وہ اپنے کیریئر میں ہیڈ کوارٹرز میں چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر فیلکن اور ڈائریکٹر جنرل پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں فضائی اتاشی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔پاک فضائیہ کے افسر احمر شہزاد لغاری اس کے علاوہ جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرزچکلالہ میں ڈائریکٹر جنرل لاجسٹکس اور کامرہ میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس بورڈ میں چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔وہ کامبیٹ کمانڈرزسکول، اسلام آباد کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور امریکا کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے گریجویٹ ہیں۔پاک فضائیہ کے لیے بیش بہا خدمات پر انہیں تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز، ہلال امتیاز اور امریکا میں لیجن آف میرٹ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
دوسری جانب پاک بحریہ کے کموڈور محمد فیصل عباسی کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ریئر ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے 1991 میں پاک بحریہ کی آپریشن برانچ میں کمیشن حاصل کیا،وہ فلیگ آفیسر پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں اور اپنے شاندار کیریئر کے دوران مختلف کمانڈ اور سٹاف عہدوں پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔اُن کی نمایاں کمانڈ تقرریوں میں کمانڈنگ آفیسر پی این ایس منصف، پی این ایس خیبر اور 25ویں ڈسٹرائر سکواڈرن کی کمانڈ شامل ہیں۔محمد فیصل عباسی کی نمایاں سٹاف تقرریوں میں سینئرسٹاف آفیسر(آپریشنز)،ڈائریکٹرنیول آپریشنز اوراسسٹنٹ چیف آف دی نیول سٹاف (آپریشنز) شامل ہیں۔اُنہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں بطور ڈائریکٹنگ سٹاف فرائض سرانجام دیئے ہیں جبکہ اِنہیں کراچی میں بطور فلیگ آفیسر سی ٹریننگ کے فرائض سرانجام دینے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ریئر ایڈمرل محمد فیصل عباسی کو ستارہِ امتیاز (ملٹری)سے بھی نوازا جا چکا ہے۔