ٹیکسی کے سفر کے دوران ڈرائیور کی سونم کپور کے ساتھ انتہائی شرمناک حرکت
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور آہوجا بھی لندن میں ٹیکسی سروس ’اوبر‘ کے ڈرائیور کی غیراخلاقی حرکت کا شکار ہو گئیں۔ میل آن لائن کے مطابق سونم کپور نے گزشتہ روز لندن میں اوبر کے ساتھ سفر کرنے کے تجربے کے متعلق ایک ٹویٹ کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ ”اوبر کے کے اس ڈرائیور کے ساتھ سفر کرنا میری زندگی کا خوفناک ترین تجربہ ہے۔“ انہوں نے ٹویٹ میں دیگر لوگوں کو متنبہ کرتے ہوئے نصیحت کی کہ وہ لندن میں ٹیکسی پر سفر کرنے کی بجائے مقامی پبلک ٹرانسپورٹ کا انتخاب کریں۔
سونم سے جب ان کے مداحوں نے ٹوئٹر پر اس واقعے کی تفصیل پوچھی تو سونم نے بتایا کہ ”ڈرائیور کی حالت ٹھیک نہیں تھی۔ وہ بلند آواز میں چیخ و پکار کر رہا تھا اور مجھے لگ رہا تھا کہ وہ مجھے نقصان پہنچا دے گا۔ اس کی حالت دیکھ کر میں خوف سے کانپنے لگی۔“ سونم کپور کے اس ٹویٹ پر ’اوبر‘ نے فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ”ہم اس واقعے پر بہت معذرت خواہ ہیں۔ آپ ہمیں اپنا فون نمبر اور ای میل ایڈریس دیں، تاکہ ہم اس واقعے کی تحقیقات کر سکیں۔“
تاہم سونم نے ’اوبر‘ کو جواب دیا کہ ”میں نے آپ کی ایپلی کیشن پر شکایت کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہی۔ ایپلی کیشن سے مجھے ہر بار آٹو میٹک ریپلائی ہی ملا جو کہ بے کار تھا۔ آپ کو اپنا سسٹم اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ میرے ساتھ جو ہونا تھا وہ ہو چکا۔ اب کچھ نہیں کیا جا سکتا۔“