”عمران خان بلیک میل نہیں ہورہے ، گڑ بڑکہیں اور ہے “مظہر عباس کاکھوج لگانے کا مشورہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار مظہر عباس نے کہاہے کہ عمران خان کوئی بلیک میل نہیں ہورہے بلکہ کہیں اور گڑ بڑ ہے اور اس کو گڑ بڑ کو تلاش کرناچاہئے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں گفتگو کرتے ہوئے مظہر عباس نے کہاکہ فواد چودھری بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار تھے اور اب اگر فواد چودھری عثمان بزدار کوچیلنج کررہے ہیں تو وہ عمران بزدار کو چیلنج کررہے کیونکہ عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کاانتخاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب مسئلہ یہ ہے کہ تحریک انصاف میں عثمان بزدار کے علاوہ کوئی چوائس نہیں ہے اور اس صورتحال میں چودھری پرویز الہٰی رہ جاتے ہیں لیکن عمران خان کو خدشہ یہ ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کہیں اتنے طاقتور نہ ہوجائیں کہ ن لیگ کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کے لئے کوئی مسئلہ نہ پیدا کردیں ۔
مظہر عباس کا کہنا تھا کہ اس تناظر میں عمران خان وزیر اعلیٰ پنجاب کو نہیں ہٹائیں گے ، عمران خان کوئی بلیک میل نہیں ہورہے بلکہ کہیں اور گڑ بڑ ہے اور اس کو گڑ بڑ کو تلاش کرناچاہئے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پریشان تھے کہ آصف زرداری اورنواز شریف کواس طرح ریلیف کیوں مل رہا ہے کیونکہ ان کی جانب سے اپوزیشن سے متعلق سخت پوزیشن لی گئی تھی ؟ انہوں نے کہا کہ اس وقت لڑائی بڑھنے جارہی ہے اور بڑھے گی ۔