وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی ملاقات،سی پیک کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی ملاقات،سی پیک کے ...
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی ملاقات،سی پیک کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارسے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کےچیئرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر)عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں سی پیک کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کا قیام وزیراعظم عمران خان کا احسن اقدام ہے،اتھارٹی کا قیام سی پیک کےمنصوبوں کو تیزی سے آگےبڑھانے میں ممدو معاون ثابت ہوگا،وزیراعظم عمران خان کےدورمیں سی پیک کو حقیقی معنوں میں آگے بڑھایا جا رہا ہے، پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے حوالے سے اتھارٹی سے بھرپور معاونت جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری اور صنعتکاری کےفروغ کیلئےسپیشل اکنامک زونزبنائےجارہےہیں،فیصل آباد میں ہزاروں ایکڑاراضی پرسپیشل اکنامک زون کےمنصوبے کا آغاز ہو چکا ہے، سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے صوبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں، پنجاب کو صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکزبنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کو عوام کیلئے جلد آپریشنل کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ اس منصوبے سے لاکھوں شہری ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولت سے مستفید ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ملک ہے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،سی پیک سے خطے میں معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں،سی پیک گیم چینجرہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اہمیت کے اس شاندار منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور