مسلمان ملک مصر نے پاکستانیوں کو ویزے دینے سے انکار کردیا، نجی ٹی وی کا تہلکہ خیز دعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں مصر کا سفارت خانہ 2 ماہ سے پاکستانیوں کو ویزے جاری نہیں کر رہا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ صنعت کاروں اور تاجروں کی ویزا درخواستوں پر بھی مصر کے سفارت خانے کی طرف سے کارروائی نہیں ہورہی ہے، مصر کے ویزا کے خواہش مند پاکستانیوں کو مصری سفارت خانے کا قونصلر سیکشن جواب بھی نہیں دے رہا ہے،مصری سفارت خانے کی طرف سے گروپ ویزوں کا اجراء بھی نہیں کیا جارہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ 100 کے قریب افراد پر مشتمل پاکستانیوں کے ایک گروپ کا ویزا بھی سفارت خانے میں پھنس گیا ہےجبکہ وزارت خارجہ کی طرف سے ویزوں کی بحالی و اجراء کے حوالے سے کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے ایسی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور وضاحت کی ہے کہ پاکستانی شہریوں کو مصر کے ویزوں کے اجرا میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہے اور انہیں روٹین میں ویزے جاری کیے جارہے ہیں۔