افغانستان میں کھانا کھاتے پولیس اہلکاروں پر ساتھی اہلکاروں کی فائرنگ ، 13جاں بحق
کابل (ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبے ہرات میں طالبان کے ہمدرد پولیس اہلکاروں نے اپنے ساتھی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 13 اہلکار مارے گئے، یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب پولیس اہلکارکھانے کھانے کیلئے بیٹھے تھے اور ان میں سے ہی تین اہلکاروں نے دستی بم پھینکنے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کردی۔
میڈٰیا رپورٹس کے مطابق حملہ اتنا اچانک اور غیر متوقع تھا کہ پولیس اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا ، حملہ آور پولیس اہلکار کارروائی کے بعد اسلحہ اور گاڑیاں بھی ساتھ لے گئے۔ہرات پولیس کے ترجمان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے تینوں اہلکار کارروائی کے بعد مقامی طالبان سے جا ملے، ممکنہ طور پر تینوں حملہ آور طالبان جنگجو تھے جنہوں نے اس کارروائی کے لیے ہی پولیس فورس جوائن کی تھی۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب افغان پولیس اور فوج میں شامل طالبان ہمدردوں نے حملہ کرکے پولیس اور فوجی اہلکاروں کو ہلاک کیا ہو، گزشتہ برس ایسے تین بڑے واقعات میں 2 امریکی فوجیوں سمیت 7 افغان فوجی اور 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔