پی ڈی ایم کس پر دباؤ ڈالنے کیلئے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرنے جا رہی ہے؟ شبلی فراز کا بڑا دعویٰ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ یہ جو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ہونے جارہا ہے یہ بھی اداروں پر پریشر ڈالنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے، ان کا یہ آخری پتہ بھی پہلے کی طرح ناکام ہوگا۔ پی ڈی ایم اب قصہ پارینہ بن چکی ہے، ان کو ہر محاذ پر شرمندگی کا منہ دیکھنا پڑ رہا ہے۔ ان لوگوں نے اپنے دور حکومت میں اداروں کو تباہ کیا۔
شبلی فراز نے فرخ حبیب کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ میرے خلاف اکٹھے ہوجائیں گے، آج یہ لوگ ایک ہی چھتری کے تلے اکٹھے ہوگئے ہیں۔ یہ ہمیں پھنساتے ہوئے خود پھنس چکے ہیں ، ہم نے الیکشن کمیشن کو تمام فنڈنگ کے ثبوت دے دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان تو سمجھتے ہیں جس ریاست کا میں حصہ نہ ہوں اس کو تسلیم ہی نہیں کرتا ۔ مولاناکو نیب نے طلب کیا تو انہوں نے جواب دینے کے بجائے دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ یہ لوگ جتھے لا کر اپنی مرضی کے فیصلہ کرانا چاہتے ہیں۔ اس سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ان لوگوں نے ملک کو اپنے ذاتی جاگیر بنایا ہوا تھا،اداروں میں اپنے لوگ بٹھائے ہوئے تھے جنس سے من پسند فیصلے کراتے تھے لیکن اب ان کو تکلیف ہو رہی ہے۔ ان سے جواب مانگا جائے توالٹا دوسروں پر الزامات لگا دیتے ہیں۔