ن لیگ اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں دوبارہ حکومت بنانے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے:سردار الیاس تنویر خان

ن لیگ اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں دوبارہ حکومت بنانے کے خواب دیکھنا چھوڑ ...
ن لیگ اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں دوبارہ حکومت بنانے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے:سردار الیاس تنویر خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ گلگت کی طرح آزاد کشمیر میں بھی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت قائم ہو گی،آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی اور حقیقی عوامی خدمت کا ایسا معیارقائم ہو گا کہ وزیراعظم عمران خان کے "ریاست مدینہ" کے نعرے کو عملی تعبیر ملے گی،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت آزاد کشمیر میں دوبارہ حکومت بنانے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے،دونوں جماعتیں اب کشمیریوں کو مزید بیوقوف بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بدترین شکل اختیار کر چکی ہے، مظلوم لوگ انصاف لینے کے لئے در بدر ہیں اور کوئی ان کا پرسان حال نہیں ،آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت اپنی کرپٹ قیادت کا دفاع کرنے میں مصروف ہے ،اِنہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ،آزاد کشمیر میں کرپشن اور سفارشی کلچر نے پورے سسٹم کا بیڑہ غرق کیا ہوا ہےجبکہ ترقیاتی سکیموں کے نام پر منصوبوں کی بندر بانٹ نے ریاست آزاد کشمیر کو اخلاقی بنیادوں پر کمزور کردیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیر کی تمام روایتی سیاسی جماعتوں کی چھٹی کرا دے گی اور گلگت بلتستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی حکومت بنائے گی ،تحریک انصاف آزاد کشمیر کی نہ صرف محرومیوں کو دور کرے گی بلکہ کشمیریوں کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی بلکہ اِس جنت نظیر وادی کو سیاحت کا عالمی مرکز بنا دے گی، قدرت نے اس خطہ زمین کو  جتنا خوبصورت بنایا ہے ،ہماری سیاسی جماعتوں نے اپنی کرپشن زدہ سیاست کے نتیجے میں اِس کے اُجلے چہرے کو اتنا ہی زیادہ داغدار کیا ہوا ہے،تحریک انصاف کی حکومت آزاد کشمیر کے شفاف چہرے کو مزید اجلا بناتے ہوئے اس کی خوبصورتی اور ثقاٖفت کو دنیا بھر میں اجاگر کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) میدانوں سے نکل کر محلوں اور تاریک چوراہوں تک محدود ہوچکی ہے،عوام جان گئے ہیں کہ پی ڈی ایم صرف ذاتی مفادات کیلئے میدان میں اُتری ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں بلکہ کرسی تک رسائی چاہتی ہے جو کسی طور پر عوام کو قبول نہیں۔اُنہوں نےکہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کسی کو این آر او نہیں دے گی جبکہ دونوں ہاتھوں سے ملکی دولت لوٹنے والوں کا ہر حال میں محاسبہ کیا جائیگا، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کرپٹ عناصر کا بلا تفریق احتساب جاری رہے گا جبکہ احتساب سے بچنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے والے یہ جان لیں کہ عوام کی لوٹی ہوئی دولت انہیں ہر حال میں واپس کرنا ہو گی۔